ناندورہ، بارش کے موسم میں طالبات کو چھتریوں کی تقسیم سماجی خدمت اور تعلیمی وابستگی کی روشن مثال کھام گاؤں (واثق نوید)
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 14, 2026
0
share
نگر پریشد مراٹھی گرلز اسکول، ناندورہ میں بارش کے موسم کے پیشِ نظر طالبات میں چھتریوں کی تقسیم کا ایک قابلِ ستائش اور انسان دوستی پر مبنی پروگرام 10 اگست 2026 کو منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر معروف صحافی و سماجی خدمت گار کلیم پرویز کی تحریک پرطالبات کو بارش سے محفوظ رکھنے اور ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دینے کے مقصد سے چھتریاں تقسیم کی گئیں۔
کلیم پرویز نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کی ضروریات کا خیال رکھنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بارش کے موسم میں طالبات کو درپیش مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے چھتریوں کی تقسیم کی اس مہم کا آغاز کیا، جسے تعلیمی اور سماجی حلقوں میں بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ اس پروگرام کی کامیابی میں نگر پریشد مراٹھی گرلز اسکول کے صدر مدرس گجانن وانکھیڑے اور پورے تدریسی عملے کا نمایاں کردار رہا۔ معاون معلمات وجیا ویلنکر، سریتا بھڑے، پریانکا رانے اور شروتی مانگٹے نے نہایت ذمہ داری، محنت اور خلوص کے ساتھ پروگرام کے انتظامات سنبھالے۔ اسکول کے اساتذہ اور عملے کی طالبات کے تئیں شفقت، لگن اور تعلیمی وابستگی نے تقریب کو ایک یادگار شکل عطا کی۔ طالبات نے اس موقع پر بے حد خوشی کا اظہار کیا اور مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ والدین نے بھی اسکول کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کی ضروریات کا بھی بھرپور خیال رکھتا ہے۔ شہریوں اور والدین نے کلیم پرویز کے اس سماجی اقدام کے ساتھ ساتھ اسکول کے مخلص اور فعال تدریسی عملے کی بھی بھرپور ستائش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت کے وقت طلبہ و طالبات کے ساتھ کھڑا رہنا حقیقی سماجی خدمت ہے اور نگر پریشد مراٹھی گرلز اسکول کا عملہ اس جذبے کی عملی مثال پیش کر رہا ہے۔ طالبات میں چھتریوں کی تقسیم کا یہ اقدام سماجی ذمہ داری، تعلیمی ہمدردی اور انسانی خدمت کا ایک روشن نمونہ ثابت ہوا ہے۔