لو نار ’ کوئز سیرت النبی ﷺ 2026‘ کی تقریبِ تقسیمِ انعامات چھ طلبہ عمرہ کے لیے منتخب، 56 طلبہ کو نقد انعامات؛ 1,400 شرکاء میں اسناد تقسیم
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 28, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع بلڈھانہ میں طلبہ کے درمیان دینی شعور، سیرتِ نبوی ﷺ سے واقفیت اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے مقصد سے منعقدہ ضلعی سطح کے مقابلے ’کوئز سیرت النبی ﷺ 2026‘ کی تقریبِ تقسیمِ انعامات اتوار، 25 اکتوبر کو لو نار میں منعقد ہوئی۔ مقابلے میں ضلع کے مختلف تعلقوں سے جماعت ششم تا بارہویں کے تقریباً 1,400 طلبہ نے حصہ لیا۔ تقریب کے دوران چھ طلبہ کو عمرہ کی سعادت کے لیے منتخب کیا گیا، جبکہ 56 طلبہ کو فی کس ایک ہزار روپے نقد انعام اور سندِ امتیاز پیش کی گئی۔ دیگر شرکاء کو بھی اسناد دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سیکریٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی اور مولانا نصراللہ رحمانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق یہ مقابلہ مسلسل پانچویں سال منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ میں دینی تعلیم کے ساتھ سیرتِ رسول ﷺ کے مطالعے اور تعلیمی سرگرمیوں کے تئیں دلچسپی پیدا کرنا ہے۔ مقابلے کے مختلف تعلقہ گروپس سے عمرہ کے لیے منتخب ہونے والے طلبہ میں جوبیہ انم عمران خان (ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول، لو نار)، محمد شاداب شیخ شمس الدین (محمد سہیل اردو ہائی اسکول، سلطان پور)، خدیجہ سید فضل الرحمٰن (شری شیواجی ہائی اسکول، مہکر)، محمد عبدالرحمٰن محمد سلیم (حاجی روشن اردو ہائی اسکول، چکھلی)، مریم فردوس سید منیرالدین (اردو ہائی اسکول، جلگاؤں جامود) اور جویریہ نور محمد رضوان (علی علانہ اردو ہائی اسکول، ملکاپور) شامل ہیں۔ مقابلے میں دوسرے مقام پر ارشیہ شیخ نوید (انجمن اردو ہائی اسکول، کھام گاؤں) رہیں، جنہیں انعام میں فریج دیا گیا۔ تیسرے مقام پر علیشبا تبسم شیخ عظیم (اردو گرلز اسکول، ملکاپور) نے کامیابی حاصل کی اور انہیں واشنگ مشین پیش کی گئی۔ چوتھے مقام پر آنے والی اقراء شیخ فاروق کو گیزر، پانچویں مقام کی حامل گل فشاں بی کو آر او واٹر فلٹر، جبکہ چھٹے مقام پر رہنے والی حلیمہ فردوس (اردو جونیئر کالج، جلگاؤں جامود) کو بھی آر او واٹر فلٹر انعام میں دیا گیا۔ اس کے علاوہ مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 56 طلبہ کو فی کس ایک ہزار روپے نقد اور سندِ امتیاز دی گئی۔ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام 1,400 طلبہ کو اسناد پیش کی گئیں۔ شرکاء کے لیے طعام کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ عمرہ کے چھ انعامات کے لیے شیخ نثار سر (ودربھ پولیس اکیڈمی، لو نار)، عتیق بھائی جواری والے (صدر، میونسپل کونسل ملکاپور)، دعا فاؤنڈیشن سلطان پور، حاجی شیخ غفار، حاجی شیخ اکرام الدین، جمعیت علمائے ہند لو نار اور ڈاکٹر ذاکر حسین ہائی اسکول و جونیئر کالج لو نار نے تعاون کیا۔ قیمتی اشیاء کی شکل میں انعامات فراہم کرنے والوں میں افسر خان ابراہیم خان (نیشنل میڈیکل اسٹور، لو نار)، میر صابر علی بشارت علی (لو نار)، عبداللہ خان یوسف خان (نیشنل میڈیکل اسٹور، چکھلی)، ایوب خان صاحب خان (لو نار) اور زبیر خان نور خان (نیچرل ایکوا، مہکر) شامل تھے۔ پروگرام کا تعارفی خطاب پرنسپل شیخ رفیق سر نے کیا، جبکہ ڈاکٹر ذاکر حسین ہائی اسکول و جونیئر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فیروز خان نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ لو نار سینٹرل پبلک اسکول کے نائب پرنسپل نبیل شیخ نے تقسیمِ انعامات کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ حافظ عبدالرزاق نے مرکزی نظامت کی۔ تقریب میں ادارے کے صدر حاجی شیخ مسعود، سابق مرکز سربراہ حاجی منسب سر، ڈائریکٹر فیصل شیخ، حاجی محمود سیٹھ، حاجی رضوان جڈّا، وقار سر (دعا فاؤنڈیشن، سلطان پور)، کارپوریٹر شیخ عبید سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ اختتام پر محمد رضوان جڈّا نے منتظمین، سرپرستوں، معاونین، اساتذہ، والدین اور سماجی کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ آئندہ سال مقابلے کو مزید بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے گا۔ مقابلے کے انعقاد میں جمعیت علمائے ہند لو نار کے مقامی عہدیداران، ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول کے اساتذہ، لو نار سینٹرل پبلک اسکول کے عملے اور دیگر معاونین نے تعاون کیا۔ منتظمین کے مطابق اس سرگرمی کا بنیادی مقصد طلبہ میں سیرتِ نبوی ﷺ سے وابستگی، دینی و اخلاقی شعور اور تعلیمی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔