کھام گاؤں (واثق نوید) ڈاکٹر نکہت انجم ناظم الدین نے کاویتری بہینا بائی چودھری نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی، جلگاؤں سے اردو زبان و ادب میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرلی ہے۔ ان کے تحقیقی مقالے کا عنوان ’’نواب سلطان جہاں بیگم: ایک عہد ساز شخصیت‘‘ ہے۔ انہوں نے یہ تحقیقی کام شیرپور کے پروفیسر ڈاکٹر ساجد علی قادری کی نگرانی میں مکمل کیا۔
اس تحقیقی مقالے میں نواب سلطان جہاں بیگم کی شخصیت، علمی و ادبی خدمات، سماجی بصیرت اور اصلاحی کردار کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ مقالے کے ذریعے برصغیر کی اس ممتاز تاریخی شخصیت کی زندگی اور خدمات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے اردو کے تاریخی و سوانحی ادب میں ان کی اہمیت کو نمایاں کیا گیا ہے۔
مقالے کا فائنل وائیوا 25 ستمبر 2026 کو منعقد ہوا، جس میں حیدرآباد کے ممتاز محقق پروفیسر مصباح انظر الحق نے بیرونی ممتحن کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے مقالے کے مختلف علمی و تحقیقی پہلوؤں سے متعلق سوالات کیے، جن کے ڈاکٹر نکہت انجم ناظم الدین نے اطمینان بخش جوابات دیے۔
پروفیسر قریشی عتیق احمد نے چیئرمین کی حیثیت سے وائیوا کی کارروائی انجام دی۔ یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی تکمیل کا نوٹیفکیشن 21 اکتوبر 2026 کو جاری کیا گیا۔اس تحقیقی سفر میں نگرانِ مقالہ پروفیسر ڈاکٹر ساجد علی قادری کی علمی رہنمائی اور معاونت کو اہم قرار دیا گیا ہے۔
مقالے کی تیاری، ترتیب و تدوین اور تکمیل کے مختلف مراحل میں ان کی رہنمائی نے اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ کاویتری بہینا بائی چودھری نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی، جلگاؤں کی وائس چانسلر پروفیسر وجے لکشمی نارائن مہیشوری اور ایس پی ڈی ایم کالج، شیرپور کے پرنسپل و ڈین، فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، پروفیسر راجپوت کی تعلیمی سرپرستی کا بھی ذکر کیا گیا۔
ڈاکٹر نکہت انجم ناظم الدین کی اس علمی کامیابی پر اساتذہ، اہلِ خانہ، احباب اور علمی و ادبی حلقوں نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل اور مزید تحقیقی کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ ان کی یہ تحقیقی کاوش اردو زبان و ادب میں تاریخی اور سوانحی مطالعات کو فروغ دینے اور نواب سلطان جہاں بیگم کی علمی، ادبی و سماجی خدمات کو مزید اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔



