کھام گاؤں (واثق نوید) امراوتی ڈیویژن ٹیچر حلقۂ انتخاب میں کانگریس کی نامزد امیدوار پروفیسر ادیتی رشی کیش پوہرے کی انتخابی مہم کو اس وقت مزید تقویت ملی، جب کھام گاؤں میں اردو اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے ان کی حمایت کا اظہار کیا۔
کھام گاؤں ودھان سبھا کانگریس پارٹی اور مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے مشترکہ اہتمام میں نصیب لان، ایکتا کالونی، کھام گاؤں میں منعقدہ اس انتخابی تشہیری اجلاس میں جمہوریت، سیکولرزم اور اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہوکر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
اجلاس میں شریک اردو اساتذہ کے اتحاد اور جوش و خروش نے انتخابی مہم کو نئی توانائی فراہم کی۔
مقررین نے کہا کہ موجودہ حالات میں جمہوری اقدار، سیکولر روایات اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط اور سیکولر امیدوار کی کامیابی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسی جذبے کے تحت اردو اساتذہ نے پروفیسر ادیتی رشی کیش پوہرے کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا۔
اجلاس میں بلڈھانہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر پرکاش پاٹل، وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وجاہت مرزا، رکن قانون ساز کونسل و امراوتی گریجویٹ حلقۂ انتخاب کے نمائندے دھیرج لنگاڑے، نوجوان رہنما اور اکولہ میونسپل کارپوریشن کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر ذیشان حسین، بلڈھانہ ضلع دیشاننتی ضمیمہ کے مدیر راجیش راجورے، ماہرِ تعلیم و بزرگ صحافی غنی غازی، کانگریس رہنما الحاج مزمل علی خان، کانگریس رہنما بابو جمعدار، کانگریس اقلیتی شعبہ کے ضلع صدر ایڈوکیٹ محتشم رضا، رکن بلدیہ محمد عسی بھائی، رکن بلدیہ حافظ عظیم پٹیل، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ریاستی جوائنٹ سیکریٹری واثق نوید، علاقائی نائب صدر محمد فاروق، ضلع صدر وسیم احمد خان اور تعلقہ صدر محمود خان سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اساتذہ کی آواز کو مؤثر نمائندگی دینے، تعلیمی مسائل کو قانون ساز ایوان تک پہنچانے اور جمہوریت و سیکولرزم کے تحفظ کے لیے اساتذہ کا متحد ہونا ضروری ہے۔
اردو اساتذہ کی بڑی تعداد میں شرکت کو ادیتی پوہرے کی انتخابی مہم کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ شرکاء کے اتحاد اور انتخابی سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی سے کانگریس امیدوار کی کامیابی کے امکانات مزید روشن ہونے کی امید ظاہر کی گئی۔
اجلاس کی نظامت شہر کانگریس اقلیتی شعبہ کے نوید اطہر پٹھان نے انجام دی، جبکہ اظہارِ تشکر شہر کانگریس کے کارگزار صدر کیشور بھوسلے نے ادا کیا۔ کھام گاؤں کے اس اجلاس نے امراوتی ڈیویژن ٹیچر حلقۂ انتخاب میں اردو اساتذہ کی سیاسی بیداری، اجتماعی قوت اور تعلیمی و جمہوری حقوق کے لیے ان کے عزم کو نمایاں کیا۔
اب انتخابی مہم کے اگلے مرحلے میں اس حمایت کو ووٹوں میں تبدیل کرنا کانگریس امیدوار کی کامیابی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔




