ناگپور ، قادریہ ہائی اسکول میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یومِ پیدائش پر تقریب، طلبہ کو مطالعے کی ترغیب سائنسی فکر، تعلیمی بیداری اور حب الوطنی کے فروغ پر زور
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 16, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) قادریہ ہائی اسکول، حسن باغ، ناگپور میں سابق صدرِ جمہوریہ ہند اور ممتاز سائنس داں بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یومِ پیدائش کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب کی صدارت صدر مدرس اشتیاق کامل نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض خوشنما آفرین انصاری نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ اس موقع پر صدر مدرس اشتیاق کامل نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی حیات و خدمات، تعلیمی جدوجہد، سائنسی کارناموں اور ملک کی ترقی میں ان کے نمایاں کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالکلام کی زندگی طلبہ کے لیے عزم و حوصلے، محنت، لگن اور خود اعتمادی کا روشن نمونہ ہے۔ طلبہ کو ان کی زندگی سے سبق حاصل کرتے ہوئے حصولِ علم پر خصوصی توجہ دینے اور اپنے مستقبل کو روشن بنانے کی ترغیب دی۔ یومِ ترغیبِ مطالعہ کے تناظر میں طلبہ کے لیے مطالعے کا خصوصی نظم بھی کیا گیا، جس کا مقصد ان میں کتابوں سے محبت، مطالعے کی عادت اور علم حاصل کرنے کا شوق پیدا کرنا تھا۔ پروگرام کے ذریعے طلبہ میں سائنسی فکر، تعلیمی بیداری اور ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ بیدار کرنے کی کوشش کی گئی۔ تقریب کو کامیاب بنانے میں کاشف ابراہیم خان، سید شکیب خان، عامر سہیل، صبا نکہت، امرین جہاں پٹھان، آفرین خان اور سمینہ بانو نے خصوصی تعاون پیش کیا۔ پروگرام کا مجموعی ماحول طلبہ میں علمی ذوق، مثبت سوچ اور روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کا پیغام دینے کا ذریعہ بنا۔ x