یومِ ترغیبِ مطالعہ کے موقع پر دارالعلم کے طلبہ کا تاریخی اردو لائبریری کا علمی دورہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 17, 2026
0
share
مالیگاؤں۔15 اکتوبر کو سابق صدر جمہوریہ ہند اور میزائل مین آف انڈیا ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی یومِ پیدائش کے موقع پر ملکی سطح پر منائے جانے والے 'یومِ ترغیبِ مطالعہ' کی مناسبت سے دارالعلم انگلش میڈیم اسکول کے سیکنڈری سیکشن کے طلباء و طالبات نے مالیگاؤں کی مشہور تاریخی "اردو لائبریری" کا دورہ کیا۔ اس موقع پر لائبریری کے مسلم ہال میں طلبہ کے لیے ایک پُروقار استقبالیہ اور تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں لائبریری کے منتظمین اور ذمہ داران خصوصی طور پر موجود رہے- ذمہ داران نے طلبہ کو لائبریری کے قیام، اس کی تاریخ اور وہاں موجود قدیم و جدید کتابوں، رسائل اور دیگر شعبہ جات کے متعلق مفید معلومات فراہم کیں۔ طلبہ نے بھی اس دوران بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے ذمہ داران سے مختلف سوالات کیے۔ ساتھ ہی کچھ طلبہ نے اپنے تاثرات کا بھی اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ نے لائبریری کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا۔ کتابوں کی ترتیب اور کتب خانے کے نظام کو دیکھا اور سمجھا۔ بچوں کی یہ دو گھنٹے کی علمی و تفریحی وزٹ بے حد کامیاب اور یادگار ثابت ہوئی۔ یہ وزٹ اسکول کے چیرمین حذیفہ ہدائی سر کی خصوصی ہدایت پر منظم کی گئی۔ جسے کامیاب بنانے کے لئے اسکول کے وائس پرنسپل انصاری اخلاق سر کی رہنمائی میں سیکنڈری سیکشن کے جملہ اسٹاف نے بھرپور معاونت کی۔ یومِ ترغیب مطالعہ کے موقع پر اسکول میں طلبہ کو مطالعہ کی ترغیب اور عادت ڈلوانے کے لیے انگریزی اور اردو زبانوں میں عہد بھی کروایا گیا اور اس عہد کی تحریری نقول طلبہ میں تقسیم کرکے اسے اپنے گھروں کی دیواروں پر چسپاں کرنے کی تلقین کی گئی، تاکہ مطالعے کی اہمیت انہیں مسلسل یاد رہے۔
ساتھ ہی اس موقع پر شہر کا معروف اردو روزنامہ 'نشاط نیوز' کے مدیر محمود اختر صاحب کی جانب سے اخبار کا خصوصی شمارہ بھی طلبہ میں تقسیم کیا گیا۔ اور طلبہ کو اخبارات کے مطالعے کے ذریعے حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنے کی ترغیب دی گئی۔ منجانب: ڈپارٹمنٹ آف میڈیا، دارالعلم انگلش میڈیم اسکول، درے گاؤں کیمپس، مالیگاؤں۔