امراوتی، سر سید احمد خاں کی فکرِ نو اور اردو کی جدید تشکیل پر قومی آن لائن کانفرنس
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 19, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)گورنمنٹ ودربھ انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ہیومینٹیز، امراوتی کے شعبۂ اردو و فارسی کے زیرِ اہتمام ’’سر سید احمد خاں کی فکرِ نو، تہذیبی شعور اور اردو کی جدید تشکیل: ماضی، حال اور مستقبل کے تناظر میں‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی آن لائن کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی کے پروفیسر ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے سر سید احمد خاں کی اصلاحی فکر، تہذیبی شعور اور اردو زبان و ادب کی جدید تشکیل کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے دو علمی اجلاسوں میں مجموعی طور پر 24 تحقیقی مقالات پیش کیے گئے، جن میں سر سید کی تعلیمی و اصلاحی خدمات، اردو ادب پر ان کے اثرات اور عصرِ حاضر میں ان کی فکر کی معنویت کا جائزہ لیا گیا۔ افتتاحی اجلاس میں ڈائریکٹر ڈاکٹر کیشو ٹوپے نے افتتاحی کلمات ادا کیے، جبکہ شعبۂ اردو و فارسی کی صدر ڈاکٹر نزہت پروین نے استقبالیہ پیش کیا۔ دونوں علمی اجلاسوں کی صدارت بالترتیب پروفیسر ڈاکٹر قریشی عتیق احمد اور ڈاکٹر ایس۔ ایم۔ شکیل نے کی۔ اختتامی اجلاس میں ڈاکٹر سراج انور خان نے اظہارِ تشکر کیا۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں کنوینر ناظمہ رہبری، ارشاد راہی اور ڈاکٹر قمر پرویز کا تعاون نمایاں رہا۔ اس کانفرنس نے سر سید احمد خاں کی فکر و خدمات کے نئے پہلوؤں پر علمی و تحقیقی مکالمے کو فروغ دیا۔