اے ایم کے قانون کے طالب علم نے قومی اکیڈمک ایکسیلنس مقابلہ میں ایوارڈ حاصل کیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 14, 2026
0
share
علی گڑھ،14 اکتوبر(ہ س) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے بی اے ایل ایل بی (آنرز) پروگرام کے طالب علم محمد صہیب نے دامودر نیشنل ایوارڈ فار اکیڈمک ایکسیلنس مقابلہ 2026 میں بیسٹ انڈرگریجویٹ انٹری ایوارڈ حاصل کیا۔
اس مقابلے کا اہتمام سارسوت کھتری پاٹھ شالا سوسائٹی اور ایس ایس کھنہ گرلز ڈگری کالج، الہ آباد یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
انہیں یہ ایوارڈ ان کے مضمون بعنوان ''مینڈنگ دی فریڈ ٹیپسٹری: ریشنیلٹی، ایمپتھی اینڈ دی آرٹ آف ٹرو ڈائیلاگ'' کے لیے دیا گیا۔ ملک بھر سے موصول ہونے والی 233 تحریروں میں سے ان کے مضمون کا انتخاب کیا گیا۔
آن لائن پیش کش کے لیے منتخب کیے گئے 40 شرکاء میں جگہ بنانے کے بعد صہیب نے آخری 10 امیدواروں میں بھی اپنی جگہ بنائی، جنھیں پریاگ راج مدعو کیا گیا۔ وہاں انہوں نے 11 رکنی جیوری کے سامنے اپنی تحریریں پیش کیں۔
یہ ایوارڈ تقریب کے مہمانِ خصوصی نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ کے سابق ڈائریکٹر، پدم شری پروفیسر جے ایس راجپوت کی موجودگی میں پیش کیا گیا۔
صہیب کو پروفیسر ریتو جیسوال نے 30,000 روپے نقد انعام، یادگاری نشان، توصیفی سند اور کتابوں کا سیٹ پیش کیا۔
قابل ذکر ہے کہ رواں سال کے اوائل میں صہیب کو قومی سطح کے ایک مقابلے میں ان کی تحریری صلاحیتوں کے اعتراف میں جے ڈی جی ڈی صراف ٹرسٹ، جموں کی جانب سے سندِ امتیاز عطا کی گئی تھی۔ ہندوستھان سماچار ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ