نئی دہلی 22 اکٹوبر (ایجنسیز,سیاست) سعودی عرب میں پھنسے ہندوستان کے تقریباً 4 ہزار عمرہ زائرین وطن واپس ہوچکے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر بتایا کہ دستیاب پروازوں کے ذریعہ ان تمام زائرین کی واپسی ممکن بنائی گئی ہے۔ جیسوال کے مطابق ریاض میں ہندوستانی سفارتخانہ اور جدہ میں قونصل خانہ زائرین کی جلد واپسی کیلئے ایرلائنز اور ٹور آپریٹرز سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسی دوران 10 ہزار سے زائد دیگر زائرین بھی طے شدہ پروازوں سے بحفاظت لوٹے ہیں۔ سفارتی مشنز رضاکاروں کی مدد سے زائرین کو سہولیات فراہم کررہے ہیں اور 24 گھنٹے فعال کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔ یہ یپشرفت اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کے اس مطالبہ کے بعد سامنے آئی جس میں انہوں نے مکہ اور مدینہ میں پھنسے 4 ہزار ہندوستانیوں کی واپسی پر زور دیا تھا۔ اویسی نے کہا کہ ان زائرین نے انڈیگو، آکاساایئر اور ایئرانڈیا کے ٹکٹ لئے تھے لیکن پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے وہ وہاں پھنس گئے۔ اویسی نے ڈائرکٹو ریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن سے اپیل کی کہ ایئرلائز کو بڑے طیارے یا خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ٹریول ایجنٹوں نے زائرین کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، لہٰذا حکومت فوری مداخلت کرتے ہوئے ان کی مدد کرے۔ پروازوں میں خلل یمن کے حوثی باغیوں کے سعودی ہوائی اڈوں پر حملوں کے باعث پیدا ہوا جن میں ریاض کا شاہ خالد ایرپورٹ بھی شامل تھا۔ ایوی ایشن اتھاریٹی کے مطابق 10 اکٹوبر کے حملے میں 14 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ 11 اکٹوبر کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور 11 زخمی ہوئے تھے۔ وزارت خارجہ نے کہا ہیکہ باقی ماندہ عمرہ زائرین کی جلد واپسی کیلئے بھی متعلقہ فریقوں سے بات چیت جاری ہے۔ سفارتی مشنز کی جانب سے ہندوستانی شہریوںکی رہنمائی اور مدد کیلئے باقاعدگی سے ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔