مہکر , ہر 13 دن بعد پانی کی فراہمی پر عوام پریشان، ویلفیئر پارٹی کا میونسپل کونسل سے فوری اقدامات کا مطالبہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 24, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہکر شہر میں ہر 13 دن بعد پانی کی فراہمی کے باعث شہریوں کو شدید قلتِ آب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سنگین مسئلے کے حل اور پانی کی منصفانہ و باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ویلفیئر پارٹی آف انڈیا، مہکر کی جانب سے میونسپل کونسل کے صدر اور چیف آفیسر کو مطالباتی مکتوب پیش کیا گیا، جس میں پانی کی قلت دور کرنے اور ضائع ہونے والے پانی کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔مکتوب میں شہر کی مختلف پائپ لائنوں اور والوز سے ہونے والی پانی کی لیکیج کو فوری طور پر بند کرنے پر زور دیا گیا۔ خاص طور پر وارڈ نمبر 4 میں نور بھائی انڈے والے اور للّو بھائی جوتے والے کے مکانات کے قریب پائپ لائنوں کی لیکیج کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ بند پڑے ہینڈ پمپ اور عوامی نلوں کو دوبارہ فعال کرنے، ضرورت کے مطابق پانی کی ٹنکیوں کا انتظام کرنے، عوامی نلوں سے پانی کی فراہمی کے لیے مقررہ اوقات طے کرنے اور شہر میں پانی کی باقاعدہ فراہمی یقینی بنانے کی اپیل کی گئی۔ مکتوب میں میونسپل کونسل کے اسکولوں اور دیگر عوامی مقامات پر بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم نصب کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے اپنے مطالباتی مکتوب میں اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ ایک طرف شہری کئی کئی دن پانی کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں، تو دوسری جانب پائپ لائنوں سے پانی کا ضیاع ہو رہا ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ پانی کی قلت کے مسئلے کو محض وقتی انتظامات تک محدود رکھنے کے بجائے مستقل اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے حل کیا جائے۔ ساتھ ہی مکتوب پر کی گئی کارروائی کی تفصیلات تحریری طور پر فراہم کرنے کی بھی اپیل کی گئی۔ شہریوں سے بھی تعاون کی اپیلویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کے ہر قطرے کی حفاظت کریں، پانی کے ضیاع اور پائپ لائنوں کی لیکیج کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں اور پانی کی فراہمی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔ پارٹی نے میونسپل کونسل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مشکلات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری عملی اقدامات کرے، تاکہ مہکر کے شہریوں کو بنیادی ضرورت کے اس اہم وسیلے کے لیے طویل انتظار نہ کرنا پڑے۔ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا، مہکر نے واضح کیا کہ صاف اور مناسب مقدار میں پانی کی فراہمی شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں انتظامیہ کی بروقت کارروائی ناگزیر ہے۔