مدرسہ عربیہ کاشف العلوم میں تکمیلِ ناظرۂ قرآن پر دعائیہ تقریب، طالبہ خدیجہ خاتون نے تجوید کے ساتھ قرآن پاک مکمل کیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 07, 2026
0
share
بلوا سینگر، سنت کبیر نگر،(سلمان کبیرنگری) جانتے ڈیہا، دوبولیا: مدرسہ عربیہ کاشف العلوم جانتے ڈیہا میں تکمیلِ ناظرۂ قرآنِ کریم کے بابرکت موقع پر ایک مختصر مگر پُراثر دعائیہ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مدرسے کے ذمہ داران، اساتذۂ کرام اور طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر درجۂ پنجم کی طالبہ خدیجہ خاتون نے تجوید و ترتیل کے ساتھ قرآنِ کریم کی تلاوت مکمل کی۔ مدرسے کے ناظم محمود الحسن قاسمی صاحب کی موجودگی میں استاد قاری شہباز احمد صاحب نے آخری سبق سن کر تکمیل کرائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامع مسجد جانتے ڈیہا کے امام و خطیب قاری احمد عمیر صاحب نے قرآنِ کریم کی عظمت و فضیلت پر مختصر مگر جامع گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید وہ بے مثال کتاب ہے جس کی تلاوت میں انسان کو ہر بار ایک نئی لذت، تازگی اور قلبی سکون حاصل ہوتا ہے۔ یہ محض تلاوت کی کتاب نہیں، بلکہ رہتی دنیا تک پوری انسانیت کے لیے سرچشمۂ ہدایت اور ضابطۂ حیات ہے۔ اس سے حقیقی تعلق اسی وقت قائم ہوسکتا ہے جب اس کی تلاوت کے ساتھ اس کے پیغام کو سمجھنے اور زندگی میں اتارنے کی بھی فکر کی جائے۔ اس بابرکت تقریب میں مدرسے کے صدر ڈاکٹر محمد اسعد علیگ قاسمی صاحب نے بھی شرکت فرمائی اور اپنی دعاؤں سے نوازا۔ آخر میں طالبہ خدیجہ خاتون، ان کے والدین اور اساتذۂ کرام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا اور قرآنِ کریم کو زندگی کا رہنما بنانے کی توفیق کے لیے دعا کی گئی۔ تقریب میں مدرسے کے تمام اساتذۂ کرام اور طلبہ موجود رہے۔