تلہارا , اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کی تعلقہ مجلسِ عاملہ تشکیل
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 03, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ نے تنظیمی توسیع کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے تلہارا پنچایت سمیتی میں بھی تعلقہ مجلسِ عاملہ کا قیام عمل میں لایا۔ اس مناسبت سے منعقدہ تقریب میں 10 خواتین سمیت تقریباً 70 اردو اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر نو منتخب عہدیداران کا استقبال کرنے کے ساتھ تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی تہنیت بھی کی گئی۔ تقریب کی صدارت سابق افسرِ توسیعِ تعلیم اطہر پرویز سر نے کی، جبکہ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے اساتذہ اور تنظیمی عہدیداران بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر مقصود علی شوکت علی میر کو تعلقہ صدر، عبدل اعجاز عبدالستار راہی کو سیکریٹری، شیخ کلیم شیخ رحیم کو خازن، محمد اعجاز عبدالمتین کو پریس انچارج، شکیل احمد شاہ رحمن شاہ کو سنگھٹک اور سیما انجم کو خاتون نمائندہ مقرر کیا گیا۔ تمام نو منتخب عہدیداران کی گلپوشی اور شال پوشی کرکے پذیرائی کی گئی۔ خصوصی طور پر سید شارق علی سر کو تعلقہ صدر کے عہدے سے ترقی دیتے ہوئے ریاستی سنگھٹک مقرر کیا گیا۔ تقریب میں محکمۂ تعلیم میں حال ہی میں مقرر ہونے والے نئے اساتذہ کا بھی پُرتپاک استقبال کیا گیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں اساتذہ کے اتحاد، تنظیمی استحکام اور تعلیمی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی جدوجہد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا اتحاد ہی تعلیمی ترقی اور طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ پروگرام کی کامیابی میں سید شارق علی سر نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ نظامت کے فرائض مصطفیٰ سر نے انجام دیے۔ تقریب میں اکولا، بارسی ٹاکلی، اکوٹ، بالاپور اور مرتضیٰ پور کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ اختتام پر شرکاء کے لیے ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ تلہارا میں مجلسِ عاملہ کا قیام اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کی تنظیمی توسیع کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔