مالیگاؤں : مالیگاؤں کے بزرگ اور استاد شاعر "صالح ابن تابش صاحب" کے اولین مجموعے "اندر کا موسم" کا رسم اجرا اتوار کی شب ، شہر کے قدیم ادارے 'دی مالیگاؤں ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج' کے دالانِ ڈاکٹر پیر محمد رحمانی اسکول میں نقاد ، شاعر و ادبی شخصیت سلیم شہزاد صاحب کے ہاتھوں عمل میں آیا ہے ــ تقریب اجراء کی اس پروقار تقریب کی صدارت شہر کے معروف سرجن ڈاکٹر سعید احمد فارانی صاحب نے کی ــ
تقریب کا آغاز قاری رفیق احمد ملی صاحب کی تلاوت قرآن سے ہوا ، بعد ازاں فیضی عدنان ملک اور گلریز شہزاد ہاشمی نے بالترتیب صاحب اعزاز کی تحریر کردہ حمد اور نعت کو اپنی خوش الحانی سے آراستہ کرتے ہوئے سماں باندھ دیا ــ اس موقع ڈاکٹر محمد حسین مشاہد رضوی صاحب نے مجموعہ کلام کی تقدیسی شاعری پر زود حاصل اور پر مغز تبصرہ سامعین کے سامنے پیش کیا ــ مجموعہ کلام کے رنگ تغزل پر لئیق انور صاحب اور متفرقات پر جمیل کرانتی صاحب نے اپنے خوبصورت تبصروں کو سامعین کی سماعتوں کے حوالے کیا ــ
اس سے قبل ارم پرائمری اسکول کے پرنسپل اور صاحب کلام کے شاگرد مختار قریشی صاحب نے صالح ابن تابش صاحب کی شخصیت اور فن پر طویل مگر سیر حاصل گفتگو کی اور ایک شاگرد کی حیثیت سے اپنے استاد کو خراج تحسین پیش کیا ــ
دریں اثنا کتاب کے دیدہ زیب سرورق کی رونمائی پینٹر نثار احمد صاحب اور خوبصورت پس ورق کی رونمائی رشید آرٹسٹ صاحب کے ہاتھوں عمل میں آئی ــ انجمن معین الطلبا اور ادارہ کنج ادب کے اشتراک سے منعقد کی گئی اس شاندار تقریب کی نظامت محمد یاسین اعظمی صاحب نے کی ــ
تقریب کے اختتامی مراحل میں ڈاکٹر سعید احمد فارانی صاحب نے خطبہ صدارت پیش کرتے ہوئے صاحب اعزاز صالح ابن تابش صاحب کو ایک خوبصورت مجموعہ کلام کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی اور اپنے مخصوص انداز سخن سے محفل میں مسکراہٹوں کے رنگ بکھیر دیے ــ انہوں نے کہا کہ صالح ابن تابش کا خوش الحان ترنم شاعری کا اور ان کی شاعری خوش الحان ترنم کی محتاج نہیں ہے ــ صدارتی خطاب کے بعد صدر محفل اور حاضرین کی درخواست پر صالح ابن تابش نے طویل عرصہ بعد ایک بار پھر اپنی مترنم آواز میں اپنے مجموعہ کلام سے منتخب نعتیہ کلام کو سامعین کے روبرو پیش کیا اور محفل میں عشق رسول کا سماں باندھ دیا ــ
اس کتاب کو گھر بیٹھے حاصل کرنے کے لیے رابطہ قائم کریں۔وسیم کتابی سٹی بک ڈپو قصاب باڑہ مسجد مالیگاؤں۔
8087140473