بیادِ حضرتِ راز و مصطفیٰ جمیل ،بالاپور میں یادگار کل ہند مشاعرہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 30, 2025
0
share
ملکاپور:30/ اکتوبر ( محمد احسان سر ) گذشتہ 26 اکتوبر اتوار کی شام بالاپور ( ضلع اکولہ) کے نَو تعمیر شدہ وسیع و عریض ستّارخان فنکشن ہال میں ایک یادگار کل ہند مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا.
یہاں کے دو مرحوم بزرگ شعراء حضرت غلام حسین راز و الحاج غلام مصطفیٰ جمیل کی یاد میں انجمن تحفّظِ اردو ادب بالاپور کی جانب سے منعقدہ اس تعزیتی پروگرام و مشاعرے کی صدارت ڈاکٹر ندیم الرحمان خان صاحب ندیم (ابنِ منشاء ) ناگپوری نے فرماںٔی.
ابتداء میں انجمن کے جنرل سکریٹری نیز پروگرام کنوینر جناب عارف زماں نے مہمانوں کی گلپوشی کی ساتھ ہی مہاراشٹراسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے حال ہی میں نیو ٹیلنٹ ایوارڈ حاصٓل کرنے پر جناب عبدالمتین طالب ناندوروی کا اعزاز بھی کیا. بعد ازاں معروف شاعر جناب منظور ندیم ( سابق سیشن جج) نےاپنے استقبالیہ خطاب میں دونوں مرحوم شعراء کی شخصیات و ادبی خدمات کا اجمالی خاکہ بھی پیش کیا. علاقۂ برار میں گنگا جمنی تہذیب کی علمبردار شخصیت ڈاکٹر گنیش گاٸیکواڑ آغاز بلڈانوی بطور مہمانِ خصوصی شریکِ بزم رہے۔ آغازِ مشاعرہ سے قبل دوحہ ( قطر ) سے تشریف لاٸے مہمان شاعر مولانہ رفیق شاد ( ندوی) نے شمع افروزی کی رسم انجام دی. بعد ازاں ملک کے مشہور ناظمِ مشاعرہ جناب مستقیم ارشد کی پرکیف نظامت میں ایک کل ہند مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا. مذکورہ بالا اصحابِِ فکر و فن کے علاوہ جن نامور شعراٸے کرام نےاپنے کلامِ بلاغت نواز سے تشنگانِ شعرو سخن کے جمّ ِ غفیر کو سیراب کیا ان میں نعیم اختر خادمی، ڈاکٹر قمر سرور، محترمہ ناز پرواںٔی، احد امجد برہانپوری، ابراہیم شوق، التمش شمس، ندیم مرزا،عاقب ضمیر، فہیم اخترچاندور بسوہ، عمران فارس، فہیم کوثر، عمران ساحل و عاصم بالاپوری کے اسماٸے گرامی قابلِ ذکر ہیں. رات دو بجے الحاج ذاکر حسین( ابنِ راز بالاپوری) نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح یہ یادگار تعزیتی و شعری محفل اختتام پذیر ہوںٔی.