مالیگاؤں:(خیال اثر) کتابیں ہر دور میں ذہنی نشو نما کی آبیاری کا سبب رہی ہیں.بدلتے زمانوں نے شوشل میڈیا کے ذریعے مطالعہ کا جنون یا طباعت و اشاعت اقل ترین درجہ پر پہنچا دیا ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ کتابوں کی اہمیت اور مطالعہ کا جنون ہر دور میں نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو مختلف وقتوں میں شہر بہ شہر کتب میلوں کا انعقاد کرتی رہی ہے. آنے والے دنوں میں قومی کونسل ,انجمن کتب فروش مالیگاؤں , انجمن جدید ترقی تعلیم اور مہاتما گاندھی ودھیا مندر کے زیر انصرام نیز سفیر اردو نامور صحافی ,ڈاکیو مینٹری فلم میکر امتیاز خلیل کی زیر نگرانی مالیگاؤں میں 24 ویں کل ہند کتب میلے کا انعقاد ہوا چاہتا ہے. شب و روز کتب میلے کے انعقاد کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں. کتب میلے کے روح رواں امتیاز خلیل نے نمائندہ کو بتایا کہ ماضی میں ہوئے دیگر کتب میلوں کی بنسبت مذکورہ کتب میلہ اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ 300 سے زائد اسٹالز کے عریضے دستیاب ہوئے تھے لیکن بحالت مجبوری قومی کونسل نے 160 اسٹالوں کی منظوری تفویض کی ہے جو کہ ایک عظیم الشان ریکارڈ ہے. ہندوستان بھر کے کتب فروش اپنی طبع شدہ کتابوں کے ہمراہ جوق در جوق مالیگاؤں کی جانب مصروف ہیں
چند ہی دنوں میں کتب میلے کی ساری تیاریاں مکمل ہونے کے بعد کتب میلہ جاری ماہ دسمبر کی 18 تا 26 تاریخ تک اپنی آب و تاب کے ہمراہ جلوہ گر ہونے کو ہے. ساتھ ہی ساتھ بے شمار ادبی و ثقافتی مجالس کا انعقاد اے ٹی ٹی ہائی اسکول کے وسیع و عریض احاطہ اور وہیں موجود مولانا ابوالکلام آزاد ہال میں کیا جائے گا اور حرف آخر کے طور پر کل ہند مشاعرہ کی صورت اپنی آخری دستخط ثبت کرتے ہوئے قومی کونسل کا یہ 24 واں کل ہند کتب میلہ رخصت ہو کر کسی دوسرے شہر کی جانب بہ چشم نم کوچ کر جائے گا. امتیاز خلیل کے مطابق وہ اور ان کے رفقاء شہروں شہروں, گاؤں گاؤں دینی و عصری تعلیم گاہوں کا دورہ کرتے ہوئے طلباء و طالبات کو کتب میلے میں شرکت کے لئے آمادہ کررہے ہیں. کتابوں کے تعلق سے کہا جاتا ہے کہ دنیا میں دو آفاقی کتابیں وجود میں آئی ہیں جس میں اول ترین مقام پر آفاقی کتاب قران مقدس ہے تو دوسری دیوان غالب ہے. اس کے برعکس مختلف علوم و فنون پر مبنی دیگر کتابیں بھی انسانی زندگی پر اثر انداز ہوتی رہی ہیں. چاہے وہ تاریخ گم گشتہ پر انحصار پذیرکتابیں ہوں یا سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر تحریر شدہ سیرت کی کتابیں ہوں یاانسانی زندگی کو سنوارنے نکھارنے والی مختلف النوع علوم و فنوم پر طبع شدہ کتابیں ہوں. ہر انسان اپنی دلچسپی کے باعث اپنی من پسند کتابوں کے مطالعہ کا شائق ہوا کرتا ہے اور یہی کتابیں انسانوں کو جینے کے قرینے سکھاتی ہیں. دنیا ترقی کرتے ہوئے چاہے جس مقام پر پہنچ جائے کتابوں کی اہمیت و افادیت ہر دور میں مسلم رہی ہےاور رہیگی. مالیگاؤں میں منعقدہ 24 ویں کل ہند کتب میلے میں ہر عنوان اور خاص طور پر سیرت پر تحریر شدہ و اسلامی تواریخ کے زندہ و پائندہ ابواب پر مشتمل کتابیں کثیر تعداد میں ہر اسٹال پر مطالعہ کے شوقین افراد کو دعوت نظارہ اور مطالعہ پر آمادہ کرنے کے لئے نظر آنے کو بے قرار ہیں