جلگاؤں (سعید پٹیل)کتابوں کے مطالعہ سے انسان میں سمجھ پیدا ہوتی ہے ، بیداری آتی ہے زندگی میں کب کیا کرنا ہے ؟ کیا نہیں کرنا ہے اس کی رہنمائی حاصل ہوتی ہیں۔ لیکن کتابوں کے مطالعہ کے شوق کو پروان چڑھانے کےلیۓ ایک تحریک کی ضرورت ہے۔کتابوں کے مطالعہ سے انسان کے علوم میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ اضافہ اس کی قابلیت کو واضع کرتا ہے۔
جلگاؤں کے علاقہ مہرون میں واقع اقصی نگر کی سرسید احمد خان عوامی لائبریری کی جانب سے عالمی یوم کتاب کے موقع پر ایک نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔تلاوت قرآن پاک سے آغاز کیا گیا۔بعد ازاں لائبریری کے سیکریٹری عبدلرؤف شیخ نے عالمی یوم کتاب کو واضع کرتے ہوۓ مہمانان کا استقبال کیا۔
صدارت راشٹروادی کانگریس کے ذرائع ابلاغ کے ذمہ دار سلیم انعامدار نے کی۔اس موقع پر انھوں نے صدارتی کلمات میں کہا کہ کتابوں کو پڑھیں ، دنیا کی بہت سی قوموں نے کتابیں پڑھ کر ہی دنیا میں ترقی کی ہیں۔
آج کے ترقی و تکنیکی دور میں بھی کتابوں کی اتنی ہی اہمیت ہے جتنی پہلے ہوا کرتی تھی۔جہاں انٹرنیٹ اور موبائل پر علوم کا خزانہ موجود ہونے کے باوجود کتابیں ہی معاشرے کی صحیح رہنمائی کرتی ہیں۔ ہمارا اور ہماری نئ نسل کی بھی کتابوں سے دلچسپی قائم رہنا چاہیے۔
مہمانان نے بھی یوم کتاب کی مناسبت سے اظہار کیا۔زیڈ ۔این شیخ ، دستگیر بھائی ،یونس شیخ ، مجاھد بھائی ، مبشیر شیخ سمیت محب علم ادب حضرات نے یوم کتاب کی نشست میں شرکت کی۔نظامت مبشیر شیخ نے کی۔جبکہ عبدلرؤف شیخ کی رسم شکریہ پر نشست کا اختتام عمل میں آیا۔
فوٹو کیپشن : یوم کتاب کے موقع پر مہرون جلگاؤں کی سرسید احمد خان لائبریری میں منعقد نشست کے شرکا.