کھام گاؤں: 3/ اکتوبر (واثق نوید)علامہ اقبال اردو ہائی اسکول، ناندیڑ کے معروف معلم و شہر ناندیڑ کی زمین سے جڑی فعال شخصیت الطاف حسین سر کو فروغ اردو سوسائٹی و بانو ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے ایڈووکیٹ بہاؤالدین ریاستی مثالی معلم ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا،
فروغ اردو سوسائٹی نے آپ کی تعلیمی، تدریسی، اور سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اس اہم اعزاز سے نوازا، اس ایوارڈ کے انتخاب سے پہلے سوسائٹی کی جانب سے اساتذۂ کرام کو کچھ ہوم ورک (Assignments) دیئے گئے تھے جس سے معلم کی تعلیمی، سماجی اور خصوصی طور پر تدریسی خدمات کو جاننے کی کوشش گئی اسی طرح معلم کے متعلق طلبہ و صدر مدرس کی آراء کو بھی شامل کیا گیا،
آپ کو بتادیں کہ اس سے پہلے جناب الطاف حسین صاحب کی تعلیمی خدمات کو معروف یوٹیوب چینل روبرو اور مراٹھی اخبار ناندیڑ وارتا نے بھی شائع کیا تھا، اس سے قبل آپ کو تعلیمی سماجی اور دیگر سرگرمیوں کے لئے مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا جس میں آپ نے کچھ اعزازات کو لینے سے معذرت بھی چاہی،
اس موقع پر ریڈینٹ انسٹی ٹیوٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایم صمیم نے بروز منگل ریڈینٹ انسٹی ٹیوٹ دیگلور ناکہ پر ایک تہنیتی تقریب کے ذریعے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سر کی تعلیمی تدریسی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں نہ صرف یہ ایوارڈ بلکہ ایسے کئی ایوارڈز بھی کم ہے،
بعد ازاں ریڈینٹ انسٹی ٹیوٹ میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے گل پوشی کے ذریعے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ایم پی جے کے ضلع صدر اظہر خان کی خصوصی شرکت رہی۔




