کھام گاؤں:5/اکتوبر (واثق نوید) ہندوستان کی مشہور و معروف دینی شخصیت الحاج قاری رشید احمد اجمیری نقشبندی شیخ الحدیث جامعہ اشرفیہ راندیر (سورت) کی کھام گاؤں آمد پر حضرت کے فیض سے فیضیاب ہونے کے لئے شہر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ علاقے برار کی۔
قدیم و عظیم دینی درسگاہ جامعہ عربیہ مفید الاسلام کی تعمیر جدید کے لیے سنگ بنیاد کا پروگرام بھی منعقد کیا گیا تھا ، اسی ضمن میں 3 اکتوبر کو بعد نماز مغرب مسلم قبرستان کے گیٹ کے سامنے بدر کالونی میں واقع جامعہ عربیہ کی جگہ پر جدید عمارت کی تعمیر کے ضمن میں ایک جلسہ سیرت النبی حضرت کی صدارت میں منعقد ہوا ۔
جامہعہ کے طلباء نے مختصر پروگرام پیش کیا۔ مولانا عبداللہ افضل مظاہری (ناگپور) نے سیرت النبی پر روشنی ڈالی جامعہ کے ذمہ دار احفاظ اللہ خان نے ادارے کی رپورٹ اور کارگزاری پیش کی ۔ جبکہ جامعہ کے مہتمم مولانا یونس ندوی نے مہمانوں کا تعارف اور پروگرام کی غرض و غایت بیان کی ۔ اس موقع پر حضرت الحاج قاری رشید احمد اجمیری نقشبندی کے دست مبارک سے جامعہ عربیہ مفید الاسلام کی جدید تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھا گیا ۔ آخر میں صدر جلسہ نے سیرتِ النبی پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے محبت نبی ، عظمت نبی ، اطاعت نبی ، پر اپنے دلفریب انداز میں روشنی ڈالی ، اس موقع پر کثیر تعداد میں عمائدین شہر نے شرکت فرما کر حضرت والا کے بیان سے استفادہ کیا ۔ حضرت کی دعا پر جلسہ اختتام
پذیر ہوا ۔
پروگرام کی نظامت جامعہ کے معلم مولانا وقار احمد تقی نے انجام دیا ۔ معلوم رہے کہ علاقے برار کی سب سے قدیم دینی درسگاہ جامعہ عربیہ مفید الاسلام کھام گاؤں کئی دہائیوں سے اپنی پرانی عمارت میں جاری تھا ۔ جو جدید تقاضوں کے لحاظ سے نا کافی محسوس ہورہا ہے ۔ جامعہ کے فارغین اور جامعہ کے عاشقین کو یہ نا کافی ، شکستہ عمارت دیکھ کر نہایت کوفت ہوتی تھی۔ جامعہ کے ذمہ داران کے اس فیصلے سے مسلمانان کھام گاؤں میں خوشی پائی جارہی ہے ۔ عوام بے چینی سے جامعہ کی نئی عمارت کی تعمیر کررہے ہیں ۔ معلوم رہے کہ جامعہ کی نئی عمارت بنانے کے لئے آج سے تقریباً 25 سال قبل الحاج کنہیا لال پٹیل (مرحوم) نے یہ جگہ عطیہ کی تھی۔






