جلگاؤں (شیخ زیان احمد) : ملک کی معروف عوامی تحریک مومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس فار ویلفیئر ( ایم پی جے) نے ریاستِ مہاراشٹر میں یوم آئین 26 نومبر سے بندھوتا ابھیان یعنی اخوت مہم کا اغاز کیا ہے۔ جو 10 دسمبر یوم حقوق انسانی کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس مہم کا مقصد عوام کو مساوات، انصاف،آزادی اور اخوت، بھائی چارہ اور فرد کے وقار جیسے ائینی اقدار سے آگاہ کرنا اور بیدار کرنا ہے۔ بالفاظِ دیگر بھارت کے آئینی تصوّر کو فروغ دینا ہے جو اپنے تمام شہریوں کو فرد کی عزت اور قوم کی یکجہتی اور سالمیت کو یقینی بنانے والی یقینی بنانے والی اخوت کو فروغ دینے کے لیے کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اس مہم کے دوران مختلف پروگرام کیے جا رہے ہیں۔ ایم۔ پی۔ جے۔ نے یوم آئین کو مہاراشٹر میں آئینی اقدار کو فروغ دینے اور عوام کو باہمی تعاون محبت ہمدردی اور اخوت کا پیغام دینے کی غرض سے ایک بندھوتا کارواں روانہ کیاہے جو ایڈوکیٹ انورادھا، عامر قاضی، سدیش سوریہ ونشی، میور ایولے، سنتوش گائیکواڈ، مرینال اِنگڑے اور سوشانت اِنگڑے ان افراد کے وفد پر مشتمل ہے۔ یہ کارواں ریاست کے مختلف علاقوں میں جا کر عوام کو مساوات انصاف اور اخوت کے پیغام سے آگاہ کر رہا ہے۔
بندھوتا کارواں تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر منعقدہ لیکچرز، نکّڑ ناٹک، ثقافتی پروگراموں کے ذریعہ لوگوں کے سامنے بھارت کے آئینی تصور کو پیش کرتے ہوئے اخوت کا پیغام دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ اج یہ بندھو تا کارواں جالنہ ،بیڑ، ناندیڑ اور اکولہ سے جلگاؤں پہنچا۔ جہاں اس کارواں کا ایم پی جے جلگاؤں کی جانب سے پرجوش خیر مقدم کیا گیا۔
واضح رہے کہ کارواں کا ہر جگہ مقامی لوگوں کی طرف سے بڑی گرم و جوشی سے استقبال کیا جا رہا ہے۔ عوامی مقامات پر بڑی تعداد میں لوگ کارواں کے لیکچرز اور ثقافتی پروگراموں میں شامل ہوتے نظر آرہے ہیں
شہر جلگاؤں میں کارواں کی امد پر اینگلوں اردو ہائی سکول اور جونیئر کالج میں ثقافتی پروگرام اور لیکچر کے ذریعے طلباء کو آئینی اقدار سے آگاہ کرتے ہوئے وفد کے ارکان نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو صرف آئین ہند کی چشمے سے ہی دیکھنے کی عادت ڈالنا چاہیے اور ملک میں مساوات آزادی انصاف اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔ ادارہ کی جانب سے پرنسپل ڈاکٹر بابو شیخ اور اسٹاف نے تعاون و استقبال کیا۔ دوسرا پروگرام شہر کے معروف تعلیمی ادارے سوامی سمرتھ جونیئر کالج میں لیا گیا۔
جہاں لوک گیت اور لیکچر کے ذریعہ کارواں کے افراد نے بہت مؤثر انداز میں بھائی چارے اور اخوت کا پیغام پہنچایا مذکورہ ادارے کے اسٹاف اور طلباء و طالبات نے کارواں کی بھرپور پذیرائی کی اور بھائی چارہ اور اخوت کے پیغام کو عام کرنے کی گواہی دی۔ اسی طرح سِدّھی وِنایک ہائی اسکول اور جونیئر کالج میں ڈرامہ لوک گیت اور مختصر نکّڑ ناٹک کے ذریعہ اخوت کے پیغام کو طلباء و طالبات تک پہنچایا اور ہر طالب علم کو اس میں شامل کر کے ملک میں بھائی چارے کے پیغام کو پھیلانے کا کہ عزم لیا۔
اسی طرح تانبہ پور علاقہ کی ملی جلی بستی کے اہلیہ بائی ہولکر چوک میں نکڑ ناٹک کے ذریعہ کارواں کے افراد نے آئین ہند کے اقدار اور بھائی چارے کی اہمیت کو واضح کیا۔ رامانند نگر میں بھی نکڑ ناٹک اور شواجی مہاراج کے لوک گیت کے ذریعہ ہندو مسلم اتّحاد اور اخوّت کا کی تاریخ کو یاد دلاتے ہوئے پیغام کو عوام الناس تک پہنچایا۔
مزکورہ تمام پروگرامات (ایم پی جے) ٹیم کے ضلعی صدر عارف دیشمکھ، ریاستی نائب صدر محمود خان، شہر صدر عادل خان، تعلقہ صدر انور شیخ اور سیکریٹری نعیم شیخ کی رہنمائی میں کامیابی سے ہمکنار کیا گیا.
تصاویر میں: مختلف اسکولس و کالجز، علاقوں میں پروگرام پیش کرتا ہوا ایم پی جے کا کارواں۔




