کھام گاؤں (واثق نوید) جنونا ، تعلقہ کھام گاؤں کی ہونہار طالبہ شیخ عریشہ رحیم نے بارہویں جماعت میں 92.67 فی صد نمبرات حاصل کرے سمرتھ جونئیر کالج رام ٹیک ضلع ناگپور میں اور رام ٹیک تعلقہ میں اول مقام حاصل کرکے بلڈانہ ضلع کا نام روشن کیا ہے۔ عریشہ نے ریاضی میں 99 نمبرات حاصل کی ہے۔
ملی جانکاری کے مطابق عریشہ کے والدین جنونا جیسے چھوٹے سے دیہات سے تعلق رکھتے ہیں۔ پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کے سلسلے میں عریشہ کے والد شیخ رحیم رام ٹیک میں مقیم ہیں۔ قرب وجوار میں اردو اسکول نہ ہونے کی وجہ سے عریشہ کو بحالت مجبوری کے۔جی۔ سے لے کر بارہویں جماعت تک انگلش میڈیم سے تعلیم حاصل کی ہے۔ عریشہ پہلی جماعت سے بارہویں جماعت تک ہر سال اپنی جماعت میں اول نمبر پر رہی ہے۔
عریشہ شیخ کو دو مرتبہ (مثالی طالبہ) بیسٹ اسٹوڈنٹ ایوارڈ مل چکا ہے۔ ساتھ ہی آٹھویں جماعت کے اسکالرشپ جیسے مشکل ترین امتحان میں نمایاں نمبرات حاصل کرکے تین سال کے لئے اسکالرشپ کی حق دار بنی۔ واضح رہے کہ عریشہ مہرین کو دسویں جماعت تک کسی بھی قسم کی ٹیوشن کلاس کی سہولت میسر نہیں تھی۔ عریشہ کی پڑھائی کی لگن ، والد اور والدہ کی رہنمائی اور اساتذہ کی محنتوں نے عریشہ کو اس مقام تک پہنچایا۔
واضح رہے کہ عریشہ شیخ ایڈوکیٹ متین طالب کی حقیقی بھانجی ہے۔ گاہے بگاہے متین طالب نے بھی عریشہ کی کافی رہنمائی کی ہے۔ عریشہ نے بارہویں جماعت میں اول مقام حاصل کرکے اپنے کالج کے ساتھ ساتھ اپنے گاؤں جنونا اور بلڈانہ ضلع کا نام ناگپور ضلع میں روشن کیا ہے۔ اس کامیابی پر کالج کے صدر مدرس و اساتذہ اور اہل خانہ نے عریشہ کو مبارک باد پیش کی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔

