کھام گاؤں (واثق نوید) علاقہ برار کی نامور ادبی ، تعلیمی ، شخصیت ڈاکٹر یحییٰ نشیط کی اردو زبان کے ضمن میں کی گئی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے اعزاز میں ایک عظیم الشان جشن ڈاکٹر یحییٰ نشیط کا اہتمام ان کے چاہنے والوں نے اکولہ شہر میں کیا ہے ۔ جس کی تیاری آخری مراحل میں زور و شور سے جاری ہے ۔
ڈاکٹر یحییٰ نشیط کی علمی ادبی اور تعلیمی خدمات پورے ملک میں اظہر من الشمس ہے ۔ اردو دنیا کے معروف محقق اور دبستان برار کی شان ڈاکٹر یحییٰ نشیط کی ہمہ جہتی خدمات کا اعتراف کرنے کے لیے اکولہ شہر میں یک روزہ جشن کا انعقاد کیا گیا ،
جس میں ملک بھر سے اہم علمی ، ادبی ، تعلیمی ، اور سماجی شخصیات شرکت کررہی ہیں۔ مہاراشٹر کے معروف واٹس ایپ گروپ اردو لرنرز گروپ اور وابستگان اردو بال بھارتی کے مشترکہ تعاون سے اردو بال بھارتی کے اردو افسر خان نوید الحق کی تحریک پر یہ جشن 6 اکتوبر کو صبح 10 بجے کوہ نور فنکشن ہال میں رکھا گیا ۔
جشن کی صدرات ملک کی معروف شخصیت پدم شری پروفیسر اختر الواسع (دہلی) فرمائے گے ۔ اس یک روزہ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ اہل علم و ادب اور سر کردہ افراد نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے ،
ان میں برصغیر ہند و پاک کے معروٗف نقاد جناب سلیم شہزاد _ مالیگاؤں ،ادارہ این سی آر ٹی سے سبکدوش ماہرِ درسیات پروفیسر نعمان خان _ بھوپال ،
معروٗف محقق و مصنف ڈاکٹر شرف الدین ساحلؔ _ناگپور،
جناب شاہد لطیف مدیر اعلیٰ انقلاب ممبئی ، معروٗف نقاد ڈاکٹر رؤف خیر حیدر آباد ، معروٗف انشائیہ نگار ڈاکٹر محمد اسداللہ ناگپور ،پروفیسر اقبال مسعوٗد بھوپال ،ج فاروٗق سیّد مدیر اعلیٰ گل بوٹے _ممبئی،ڈاکٹر غلام نبی مومن سابق اسپیشل آفیسر فار اُردوٗ بال بھارتی پوٗنہ کلیان ،معین الدین عثمانی مدیر اعلیٰ شاہین جلگاؤں ، میدان علم و ادب کے نئی نسل کے نمائندہ شاعر و ادیب جناب حسنین عاقب _ پوسد ،فعال معلم ، مقرر اور ناظم اعظمی محمد یٰسین محمد عمر _مالیگاؤں وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
اہلِ قلم کی بے وقعتی کے اس عہد میں اعلیٰ اقدار کی حامل عہد ساز شخصیت ڈاکٹر سیّد یحییٰ نشیط کے افکار و خیالات کے جشن ’جشنِ ڈاکٹر سیّد یحییٰ نشیط‘ کے تحت موصوٗف کی شخصیت پر ایک کتاب کے اجراء کے علاوہ شعری نشست کا اہتمام بھی کیا گیا ہے. پروگرام کی مختلف نشستوں کے موقع پر عالمی شہرت کے حامل جناب فاروٗق سیّد اور عالمی سطح پر معروٗف شاعر نعیم فراز نیز شعری نشست کی نظامت کے فرائض عالمی شہرت یافتہ شاعر جناب ابرار کاشف انجام دیں گے.اس تقریب کی ترتیب و تہذیب کی ذمے داری ڈاکٹر ناصرالدین انصار نہایت ہی پُر خلوٗص طریقے سے انجام دے رہے ہیں.
جبکہ مفتی اشفاق نے مجلسِ استقبالیہ تشکیل دی ہے، جو مقامی افراد پر مشتمل ہے اور اس مجلس کے ذمے مہمانان کی آمد سے رخصت تک کی مختلف وارداتوں کا انتظام و انصرام ہے.
