آج ہم سب ایک شفیق استاد، مخلص رہنما، بہترین مقرر اور مثالی معلم سے محروم ہو گئے۔
إنا للہ وإنا إلیہ راجعون
محمد حسین صاحب (نور نگر اکوٹ فائل اکولہ)، معلم ضلع پریشد اسکول، دہی ہانڈا، ضلع اکولہ، بروز سنیچر کے روز، ماہِ رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے ساتویں روزے کو ناگپور شہر کے اسپتال میں انتقال فرما گئے۔
اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
محمد حسین صاحب کا آبائی وطن مہان (ایک تاریخی دیہات) تھا۔ آپ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی، پہلے ڈی ایڈ، پھر بی اے، اور بعد ازاں بی ایڈ مکمل کیا۔
تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر آپ کا تقرر 2004 میں ضلع پریشد اسکول میں ہوا۔ فی الحال 21 سال تک تدریسی خدمات انجام دیں۔
آپ ایک محنتی، ذہین اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل معلم تھے، جو اردو، انگریزی اور مراٹھی زبانوں پر عبور رکھتے تھے۔
کئی سالوں تک آپ نے بلڈانہ ضلع کے مختلف تعلقوں اور دیہاتوں میں تدریسی خدمات انجام دیں۔ چند سال قبل آپ کا تبادلہ اکولہ ضلع کے دیہات دہی ہانڈا میں ہوا۔
آپ کی ہمہ جہت صلاحیتوں اور معیاری تدریس کی بدولت آپ طلبہ اور والدین میں بے حد مقبول تھے۔
آپ اپنی ایمانداری اور خلوص کے ساتھ فرائض انجام دیتے تھے، جس کے نتیجے میں آپ کو اسکول، دیہات، تعلقہ، ضلع، ریاست اور مرکز کی سطح پر مثالی معلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔
آپ نے ایک قابل اور محنتی معلم کے طور پر نمایاں مقام حاصل کیا۔ ضلع پریشد کے اساتذہ میں آپ کو مثالی معلم کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا۔
آپ کی گفتگو جامع، مؤثر اور مدلل ہوتی تھی، جو عوام میں بے حد مقبول تھی۔
آپ کے دل میں قوم و ملت کا درد تھا، اور آپ ہمیشہ پریشان حال طلبہ اور عوام کی بے لوث مدد کرتے تھے۔
آپ کے اندر بلا تفریق مذہب و ملت سماجی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔
آپ صوم و صلوٰۃ کے پابند، بااخلاق اور شفیق انسان تھے۔
آپ نے مختلف اسکولوں کے اساتذہ کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔
حال ہی میں، آپ نے نئی تعلیمی پالیسی کی پانچ روزہ تربیت میں شرکت کی، جہاں آپ نے اردو میڈیم اسکولوں کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار گفتگو کی، جس پر آپ کو ایوارڈ بھی دیا گیا۔
آپ معیاری تعلیم اور کوالٹی ایجوکیشن کے زبردست حامی تھے۔
آپ نے اپنی اولاد کی بہترین تربیت کی اور انہیں اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کیا۔آپ کے دو جوان بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے اور ملت کو آپ جیسے قابل اور باصلاحیت معلم کا نعم البدل عطا کرے۔
آمین یا رب العالمین۔
