کھام گاؤں (واثق نوید) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اپیل پر منگل کی شب پورے ملک کی طرح کھام گاؤں میں بھی وقف ترمیم ایکٹ کے خلاف علامتی احتجاج کیا گیا۔ اس سلسلے میں شہر بھر کے مسلمانوں نے رات 9 بجے سے 9 بج کر 15 منٹ تک اپنے گھروں، دکانوں، دفاتر اور اداروں کی بجلی بند رکھی۔
مستان چوک، سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں سناٹا چھا گیا۔ رضاکارانہ طور پر کیے گئے اس پُرامن احتجاج میں عوام نے بجلی بند رکھ کر حکومت کو یہ پیغام دیا کہ وقف املاک میں مداخلت کسی صورت منظور نہیں۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے مطابق مجوزہ وقف ترمیم ایکٹ سے وقف جائیدادوں کی خودمختاری متاثر ہوگی اور یہ آئینی و مذہبی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اسی موقف کی تائید میں پورے ملک کے ساتھ ساتھ کھام گاؤں کے مسلمانوں نے بھی خاموش مگر طاقتور انداز میں احتجاج درج کرایا۔
شہر کے معروف سماجی و دینی حلقوں نے اس احتجاج کو مکمل کامیاب اور پُرامن قرار دیا، اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مذہبی اداروں کے خودمختار ڈھانچے میں مداخلت سے باز رہے۔