
کھام گاؤں (واثق نوید)حکومتِ مہاراشٹر کے تحت ہر سال 28 اپریل کو منائے جانے والے "یومِ حقِ خدمات" کے موقع پر غلام نبی آزاد اردو ڈی ایڈ کالج پوسد میں بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس خصوصی تقریب کی صدارت کالج کے پرنسپل خان حسنین عاقب نے کی، جبکہ نائب تحصیلدار شری گنیش کدم مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ کالج کے سپروائزر نثار احمد خان بھی مہمانِ اعزازی کے طور پر موجود تھے۔
پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے شری گنیش کدم نے زیر تربیت اساتذہ کو حکومت کی مختلف آن لائن شہری خدمات اور ان سے متعلق عوامی حقوق کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں سرکاری خدمات تک رسائی نہایت آسان ہو چکی ہے اور صرف ایک کلک سے متعدد سہولیات دستیاب ہو سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کے اساتذہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف خود ان سہولیات سے واقف ہوں بلکہ دیگر شہریوں کو بھی ان کے حقوق سے روشناس کرائیں۔
اس موقع پر نثار احمد خان نے مہمانِ خصوصی کا تعارف پیش کیا۔ شری گنیش کدم نے طلبہ سے سوالات کیے اور ان سے بات چیت کے ذریعے پروگرام کو معلوماتی اور پُراثر بنایا۔
آخر میں پرنسپل خان حسنین عاقب نے تمام مہمانوں، طلبہ، اساتذہ اور معاونین کا شکریہ ادا کیا، جبکہ آفس سپرنٹنڈنٹ اویس مرزا نے بھی پروگرام کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا