کھام گاؤں (واثق نوید) صفہ مکتب اسلامی، جماعت اسلامی ہند ناندورہ کے زیر اہتمام جلسۂ تقسیمِ انعامات و اسناد کا انعقاد نہایت کامیابی اور وقار کے ساتھ عمل میں آیا۔ اس اہم اور بابرکت تقریب کی صدارت مفتی عامر اللہ خان ندوی (سرپرست صفہ اسلامی مکاتب، ضلع بلڈانہ) نے فرمائی۔ اس موقع پر اسٹیج پر کلیم خان (امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ناندورہ)، محمد مشتاق (کوآرڈینیٹر صفہ اسلامی مکتب)، حافظ عمران (معلم)، مولوی اقبال اور مولوی انیس بھی موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز عطاء مرسی محمد عمران کی دلنشین تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد جناب محمد مشتاق نے مکتب کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
صدرِ جلسہ مفتی عامر اللہ خان نے اپنے صدارتی خطاب میں والدین، سرپرستوں اور مکاتب کے ذمہ داران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عصرِ حاضر میں نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور اخلاقی اقدار سے آراستہ کرنا معاشرتی اصلاح کا بنیادی ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب و مدارس کو اس سمت میں بھرپور کوشش کرنی چاہیے تاکہ ایک صالح اور خدا ترس سماج کی تشکیل ممکن ہو۔ پروگرام میں شہر و نواح سے بڑی تعداد میں عوام اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض محسن خان نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ اختتامِ مجلس کے بعد نمازِ عشاء ادا کی گئی، جس کے بعد شرکاء کے لیے ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔