معین الدین شیخ کو "کاویہ رتن 2025" ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان علمی، ادبی و تدریسی خدمات کا شاندار اعتراف
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 31, 2025
0
share
جلگاؤں(عقیل خان بیاولی)اردو اور مراٹھی زبان کے مایہ ناز ماہر، معروف معلم، مترجم اور علمی شخصیت جناب معین الدین غیاث الدین ملا جی عرف معین شیخ کو "کاویہ رتن 2025" ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ معزز اعزاز معروف تنظیم سرو سماویشک منڈل کے زیر اہتمام منعقدہ 23 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر دیا جائے گا۔ موصوف کا تعلق ضلع جلگاؤں کے کاسودہ قصبہ سے ہے مگر وہ علمی اور ادبی اعتبار سے ممتاز شہر مالیگاؤں کے معتبر تعلیمی ادارہ اے ٹی ٹی ہائی اسکول و جونیئر کالج میں بحیثیت سپروائزر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ تین دہائیوں سے وہ مراٹھی زبان کی تدریس، ترقی اور ترویج میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔جناب معین شیخ نہ صرف ایک ماہر استاد ہیں بلکہ وہ اسٹیٹ ایگزامینیشن بورڈ سے بطور پیپر سیٹر، ممتحن، ماڈریٹر، چیف ماڈریٹر اور مترجم بھی وابستہ ہیں۔ ان کی یہ ہمہ جہت خدمات مراٹھی زبان کو عوامی سطح پر فروغ دینے اور ریاستی زبان کے وقار کو بلند کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہیں۔ اس اعزاز کے اعلان کے بعد شہر مالیگاؤں اور کاسودہ کے علمی، ادبی اور تعلیمی حلقوں میں خوشی اور فخر کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اردو مراٹھی زبان و ادب سے وابستہ افراد نے اسے نہ صرف معین شیخ کی انفرادی کامیابی بلکہ مشترکہ تہذیبی ورثے کی جیت قرار دیا ہے۔