شولاپور , ممتاز طلبہ کی عزت افزائی، پرنیتی تائی شندے و ایڈیشنل کمشنر تیمور ملانی کی شرکت ڈاکٹر اشہر شیخ کا کریئر گائیڈنس لیکچر طلبہ کے لیے معلومات کا خزانہ ثابت ہوا
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 31, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)انجمن اصلاح المسلمین منتظم کمیٹی فارسٹ شولاپور اور تنظیم محبانِ رضا فارسٹ کے اشتراک سے دسویں اور بارہویں جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک شاندار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس باوقار تقریب کی صدارت شولاپور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت، رکن پارلیمنٹ محترمہ پرنیتی تائی شندے نے کی۔ انہوں نے کامیاب طلبہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور انہیں مستقبل میں بھی اسی لگن اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر شولاپور مہانگر پالیکا کے ایڈیشنل کمشنر جناب تیمور ملانی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنے بصیرت افروز کلمات سے طلبہ کی رہنمائی کی۔ پروگرام کا آغاز قاری شریف الدین مولانا کی پُراثر تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ معروف سائنس ریسرچ اسکالر ڈاکٹر اشہر شیخ نے طلبہ کے لیے ایک خصوصی کریئر گائیڈنس سیشن پیش کیا، جس میں انہوں نے مستقبل کے تعلیمی راستے، روزگار کے امکانات، مارڈن تعلیم کے ذرائع اور صحیح فیصلہ سازی پر جامع انداز میں روشنی ڈالی۔ طلبہ نے ان کی باتوں کو دلچسپی سے سنا اور سوالات بھی کیے۔ ڈاکٹر اشہر کا لیکچر طلبہ کے لیے علم و رہنمائی کا خزانہ ثابت ہوا۔ پروگرام کے دوران عاقب شیخ اور نصیرالدین نداف نے تمام مہمانانِ گرامی کا گلپوشی کر کے استقبال کیا۔ اس موقع پر تمام کامیاب طلبہ کو اسناد اور ٹرافیوں سے نوازا گیا، جس سے ان کے چہروں پر خوشی کی جھلک نمایاں تھی۔ پروگرام کی کامیابی میں حاجی شکیل شیخ کی انتھک کوششوں اور محنت کا کلیدی کردار رہا۔ دیگر معاونین میں ضمیر پوڈھاری، حاجی عیسی، ایڈوکیٹ شریف الدین تامبولی، انتخاب احمد، آصف بیریا، صدام شیخ، ذکی سیٹھ، اعجاز شیخ، پرویز شیخ، ریاض شیخ، سکندر منگل گیری، ابو بکر شیخ اور ساجد ڈنڈوتی کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔ آخر میں سمیع مومن نے تمام مہمانان، معاونین اور حاضرین کا پرخلوص شکریہ ادا کیا۔