قومی سطح پر ڈاکٹر خلیل الدین صدیقی قاضی کو رول ماڈل ایوارڈ 2025 علمی، ادبی و تدریسی خدمات کا شاندار اعتراف
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 31, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ہندوستان کی معروف علمی، ادبی و تدریسی شخصیت، مشہور صحافی، مدیر، مصنّف، محقق اور نقّاد ڈاکٹر خلیل الدین صدیقی قاضی کو ان کی ہمہ جہت خدمات کے اعتراف میں "نیشنل لیول رول ماڈل ایوارڈ 2025" سے سرفراز کیا گیا۔ یہ باوقار اعزاز حیدرآباد میں منعقدہ ایک عظیم الشان قومی تقریب میں پیش کیا گیا، جو ایم وی ایل اے (Motivational Visionary Leading Achiever) ایوارڈز کے تحت ہوا۔ "بھارت جیوتی پرتیبھا سمان 2025" کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے، اس سال مہاراشٹر ریاست کے ضلع لاتور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر خلیل کو ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے منتخب کیا گیا، جنہیں علمی، ادبی، تدریسی، صحافتی اور سماجی میدانوں میں ان کے بے مثال کردار کی بنیاد پر ادب و سماج کا رول ماڈل قرار دیا گیا۔ ڈاکٹر خلیل نہ صرف اردو، بلکہ ہندی، مراٹھی اور عربی زبانوں میں بھی یکساں مہارت رکھتے ہیں۔ ان کی ادارت میں شائع ہونے والے ماہنامہ "تعلیمی سفر" اور سہ ماہی تحقیقی و تنقیدی مجلہ "قرطاس و قلم" کو علمی و ادبی دنیا میں بلند مقام حاصل ہے۔ وہ نئی نسل کے ادیبوں کی تربیت، اشاعتی خدمات، بین الاقوامی سطح پر اردو زبان کے فروغ اور تدریسی رہنمائی میں ایک مشعلِ راہ سمجھے جاتے ہیں۔ ایوارڈ کمیٹی نے ڈاکٹر خلیل کو "پائیدار عالمی معاشرے کی تعمیر میں مؤثر اور مثبت کردار ادا کرنے والی منفرد شخصیت" قرار دیا۔ ادبی، تدریسی اور صحافتی حلقوں میں اس کامیابی پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ملک بھر سے شخصیات نے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اس موقع پر معروف مصنفہ و مثالی معلمہ ناظمہ بیگ (امراوتی) نے بھی ڈاکٹر خلیل الدین صدیقی قاضی کی اس عظیم کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعاؤں سے نوازا کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیوں، عزتوں اور رفعتوں سے نوازے۔