موہالہ، لائبہ نور کی نیٹ میں شاندار کامیابی 524؍ مارکس حاصل کر کے کیا گاؤں کا نام روشن
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 14, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے تحت منعقدہ نیٹ 2025 (NEET-UG) کے نتائج میں آکولہ ضلع کے موہالہ قصبے کی ہونہار طالبہ لائبہ نور کریم خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 720؍ میں سے 524؍ نمبرات حاصل کیے ہیں۔
ان کی اس نمایاں کامیابی پر اہلِ محلہ، گاؤں ، اساتذہ، رشتہ داروں اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے بھرپور مبارکباد پیش کی جارہی ہے۔ لائبہ نور نے اپنی ابتدائی تعلیم الصابر پٹیل اردو ہائی اسکول موہالہ سے حاصل کی جہاں دسویں جماعت میں انہوں نے 91؍ فیصد نمبرات سے کامیابی حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے رہبر اردو جونئر کالج آکولہ سے بارہویں جماعت مکمل کی۔ نیٹ امتحان کی تیاری کے لیے وہ گزشتہ دو برسوں سے وسیم چودھری کوچنگ انسٹی ٹیوٹ آکولہ سے جڑی رہیں اور مسلسل محنت، لگن اور استقامت کے ساتھ اس بڑے امتحان کی تیاری کرتی رہیں۔ ان کی کامیابی کا سب سے خوبصورت پہلو یہ ہے کہ وہ ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد کریم خان موہالہ میں ایک چھوٹی سی کرانہ دکان چلاتے ہیں، جنہوں نے اپنی بیٹی کے خواب کو سچ کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ لائبہ نور کریم خان کی اس کامیابی کو علاقے میں لڑکیوں کی تعلیمی جدوجہد کے لیے ایک مشعلِ راہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تعلیمی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان جیسے باہمت اور باصلاحیت طلبہ قوم کا سرمایہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔