ایران کے خلاف اسرائیلی حملے روکے جائیں۔ ۔ محمد ضیاء الدین صدیقی امیر وحدت اسلامی ہند
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 17, 2025
0
share
جالنہ 17/ جون 2025( بذریعہ لیاقت علی خان یاسر ضلع نامۂ نگارجالنہ ) وحدت اسلامی ہند کے امیر ضیاء الدین صدیقی نے ایران کے خلاف حالیہ جارحانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے باعث بے شمار معصوم شہریوں کا قتل عام روزمرہ کا معمول بن گیا ہے ۔ اسرائیل کے ذریعے ایران پر یہ حملے ایران کی خود مختاری کی صریح خلاف ورزی ہے اور ایران کو ہر حال میں اپنی خود مختاری کے دفاع کا حق حاصل ہے ضیاء الدین صدیقی ، امیر وحدت اسلامی ہند نے کہا کہ ایران نے جوہری ہتھیاروں سے متعلق عدم انتشار معاہدے (NPT ) پر دستخط کیے ہیں اور بین الاقوامی توانائی ایجنسی ( IAEA) کے انسپکٹرز کو بھی اجازت دی ہے لیکن اسرائیل نے NPT پر دستخط بھی نہیں کیے ہیں اور نہ ہی IAEA کو ہی اجازت دی. بلکہ یہ بات بھی واضح ہے کہ اس کے پاس عام تباہی کے جوہری ہتھیار موجود ہیں لہذا عالمی اداروں کی اولین ذمےداری ہے کہ اسرائیل کے جوہری ہتھیاروں کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں ۔ اسرائیل کے غیر ذمے دارانہ رویوں کے باعث ایران ، سیریا، لبنان و غزہ میں ہزاروں معصوم شہریوں کا قتل عام ہو رہا ہے ۔ اسرائیل کے ذریعے فلسطینی عوام کی نسل کشی کے باوجود یورپ و امریکہ اپنے دوہرے کردار کے سبب اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں ۔ یہ امر دنیا میں امن و انصاف کے تئیں زیادہ خطرناک ہے۔ انسانیت کے خلاف یہ بھیانک جرائم کسی بھی طور پر ناقابل قبول ہیں ۔ بین الاقوامی برادری کی ذمےداری ہے کہ اس جنگ کو روکنے میں اپنا موئثر کردار ادا کرے. امیر وحدت اسلامی ہند نے حکومت ہند سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران و اسرائیل میں مقیم ہندوستانی شہریوں اور طلبہ کے تحفظ کو بہر طور ممکن بنائے اور دونوں ممالک کو جنگ سے باز رکھنے کے لیے سفارتی ذرائع و روابط کو بروئے کار لانے کی کوشش کرے. امیر وحدت اسلامی ہند محمد ضیاء الدین صدیقی کی مذکورہ پریس ریلیز ڈاکٹر ایم انیس احمد معتمد عمومی وحدت اسلامی ہند نے جاری کی ہے۔