کھامگاؤں (واثق نوید) ہارویسٹ مشن انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام 14 جون 2025 کو ممبئی کے شیواجی نگر، گونڈوی میں واقع نور الاسلام اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی تقریب کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔
تقریب کے دوران ضلع امراؤتی کی فعال اور تعلیمی میدان کی متحرک شخصیت پروفیسر ڈاکٹر عبدالعقیل ابن عبدالجبار کے دستِ مبارک سے شیخ نفیسہ بیگم غلام جیلانی کو اعزازی ڈاکٹریٹ ڈگری سے سرفراز کیا گیا۔ نفیسہ بیگم اس وقت اندرا گاندھی اردو گرلز ہائی اسکول و جونیئر کالج میں بحیثیت لیکچرار خدمات انجام دے رہی ہیں اور اردو زبان، تعلیم اور سماجی فلاح و بہبود کے شعبوں میں ان کی خدمات نمایاں رہی ہیں۔
تقریب میں ڈاکٹر مسرت فردوس (سابق اسوسی ایٹ پروفیسر، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی، اورنگ آباد) مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک رہیں۔ ان کی موجودگی نے تقریب کی وقار میں مزید اضافہ کیا۔
علمی و ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی کئی ممتاز شخصیات نے اس پرمسرت موقع پر شرکت کی اور نفیسہ بیگم کو مبارکباد پیش کی۔ ادارہ کی پرنسپل فریسہ آراء صاحبہ سمیت اسٹاف کی دیگر معلمات اور مختلف تعلیمی و ادبی تنظیموں نے بھی اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں سے نوازا۔
نفیسہ بیگم نے اعزازی ڈگری کو قبول کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پروفیسر عبدالعقیل ابن عبدالجبار اور ڈاکٹر مسرت فردوس کا شکریہ ادا کیا۔