جلگاؤں: الفیض فاؤنڈیشن جلگاوں کے زیر اہتمام بزم اردو ادب کی جانب سے ضلع جلگاؤں کے کہنہ مشق شعراء و افسانہ نگاراور صحافیوں کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں تفویض اعزازات کی تقریب کے انعقاد کا سلسلہ گزشتہ ۳/برسوں سے جاری ہے۔
کچھ کتابوں کا اجراء بھی اس تقریب کا حصہ ہوتا ہے۔اس سال بھی بڑے شاندار طریقے سے اس پروگرام کا انعقاد اقرا ایچ جے تھیم کالج کے قدیر خان موتی والا سیمینار ہال مہرون میں کیا گیا۔مذکورہ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کے ذریعے کیا گیا۔
سال 2024 کے لیے جناب احسانؔ رسولپوری (بھساول)کی ادبی خدمات کے لیے عاجز ؔبیاولی ایوارڈ برائے شاعری،جناب عبدالقیوم رازؔ (مارول) کی خدمت میں ساحرؔ ادیبی ایوارڈ برائے شاعری،معروف افسانہ نگار معین الدین عثمانی (جلگاؤں) کی خدمت میں احمد کلیم فیض پوری ایوارڈ برائے افسانہ نگاری اور سینئر صحافی عقیل خان بیاولی کی خدمت میں سید قاسم جلگانوی ایوارڈ برائے صحافت پیش کیے گئے۔
تمام اعزاز یافتگان کی خدمت میں شال،گلدستہ،ٹرافی،سپاس نامہ اور ۱۱/ہزار روپئے نقد بصورت کیسہ زر پیش کیے گئے۔
رسم اجراء میں ڈاکٹر ساجد قادری (شیر پور)کی تحقیقی تخلیق ’رسالہ نقوش کا ادبی سفر‘معروف شاعر اسلم تنویر (نصیر آباد) کا شعری مجموعہ ’تیرے بغیر‘ایڈوکیٹ نند کشور بھتڑا (ناسک) کی خود نوشت ’یادش بخیر‘سلیم خان فیض پوری کا کہانیوں کا مجموعہ (برائے اطفال) ’ہم جب ایک ہوجائیں‘ پروفیسر شاہ ایاز احمد (مالیگاؤں) کا افسانوی مجموعہ بعنوان ’پتھر میں جونک‘اور مرحوم خوشتر بھساولی کا شعری مجموعہ ’سوزِ دروں‘ان چھ کتابوں کا اجراء کیا گیا۔
پروگرام کی صدارت اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر اور الفیض فاؤنڈیشن جلگاؤں کے بانی و سرپرست ڈاکٹر عبدالکریم سالارنے کی۔بطور مہمانان خصوصی سینئر صحافی،ادیب،شاعر،نقاد ومحقق شمیم طارق (ممبئی)،خلافت ہاؤس ممبئی کے صدر سرفراز آرزو،بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے سابق ڈائریکٹر اور ڈاکٹر رفیق زکریا ایجوکیشنل کیمپس کے چیئر من ارتکاز افضل (اورنگ آباد)،آل انڈیا ریڈیو اورنگ آباد کے پروگرام براڈ کاسٹر خان مقیم احمد خان،اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے جنرل سیکریٹی اعجاز احمد ملک،جلگاؤں آکاش وانی کے سابق پروگرام براڈ کاسٹر جاوید انصاری (مالیگاؤں)،سینئر صحافی عبدالحلیم صدیقی (مالیگاؤں)،وائرل نیوز کے ایڈیٹر مفتی ہارون ندوی،نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی کے سابق پروفیسر اور ڈپارٹمنٹ آف آئل ٹیکنالوجی کے ایچ او ڈی ڈاکٹر غیاث عثمانی،الحراء ایجوکیشن سوسائٹی بھساول کے صدر حاجی انصار خان،الفیض فاؤنڈیشن کے صدر عبد العزیز سالار،الفیض فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹی مشتاق سالار،’مرحوم خوشتر بھساولی کے فرزند ڈاکٹر سید رفیق احمد موجود تھے۔نظامت کے فرائض افتخار غلام رسول،صابر مصطفی آبادی اور مشتاق کریمی نے ادا کیے۔رسم شکریہ الفیض اردو ہائی اسکول کے صدر مدرس آصف پٹھان نے ادا کی۔