بلڈھانہ ، ضلع پریشد چیف ایگزیکٹو افسر گلاب کھرات کی جانب سے تعلیمی سال کے آغاز پر اہم ہدایات جاری
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 28, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) بلڈھانہ ضلع پریشد کے تحت کام کرنے والے تمام تعلیمی اداروں میں نئے تعلیمی سال 2025-26 کا آغاز 23 جون 2025 سے ہو چکا ہے۔ اس موقع پر ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹو افسر گلاب کھرات (بھارت پبلک سروس) کی جانب سے ایک اہم ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں تعلیمی نظم و ضبط کو مضبوط بنانے، معیار تعلیم کو بلند کرنے اور اساتذہ و عملے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جامع رہنما اصول متعین کیے گئے ہیں۔ گلاب کھرات نے تمام اساتذہ کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ اسکول میں وقت سے کم از کم 10 منٹ قبل حاضر ہوں، یونیفارم پہن کر آئیں، اور مکمل تدریسی وقت کے دوران تعلیمی کاموں میں مصروف رہیں۔ اسکول میں موبائل فون کے استعمال کو صرف تعلیمی اور دفتری مقاصد تک محدود کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ اعلامیہ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ بغیر ہیڈماسٹر کی منظوری کے کوئی بھی ملازم رخصت نہ لے اور غیر ضروری چھٹیوں سے گریز کیا جائے۔ اس کے علاوہ طلباء کی غیر حاضری کی صورت میں ان کے والدین سے رابطہ کر کے مستقل حاضری کو یقینی بنانے کی ذمہ داری اساتذہ کو سونپی گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو افسر نے اسکول کی صفائی، صاف پانی، فرنیچر، تدریسی مواد، ڈیجیٹل بورڈ، کمپیوٹر، اور دیگر سہولیات کے باقاعدہ استعمال پر زور دیا ہے۔ روزنامچہ، طلبہ کی حاضری، امتحانی مواد، ٹیچنگ پلان اور دیگر تعلیمی ریکارڈ کی مکمل تکمیل لازمی قرار دی گئی ہے۔ طلباء کو اسکالرشپ امتحانات، NMMS اور دیگر قومی سطح کے امتحانات میں شامل کرنے کے لیے بھی زور دیا گیا ہے۔ تعلیمی افسران، BRC اور CRC عملے کو اسکولوں کا معائنہ کرتے وقت تدریسی کارکر دگی ، طلباء کی سرگرمیوں، اور نظام تعلیم کا گہرائی سے جائزہ لینے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آخر میں گلاب کھرات نے تمام تعلیمی عملے سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس نئے تعلیمی سال کو بہترین نظم و ضبط، عزم اور دیانتداری کے ساتھ شروع کریں اور طلباء کے روشن مستقبل کے لیے اپنا فرض ایمانداری سے نبھائیں۔