ساکھر کھیرڈا ، ضلع پریشد اردو اسکول میں جوش و خروش سے منایا گیا جشنِ داخلہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 28, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)23 جون کو ضلع پریشد اردو اسکول ساکھر کھیرڈا، پنچایت سمیتی سندکھیڑ راجہ، ضلع بلڈھانہ میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ’’شالا پرویش اُتسو‘‘ کے طور پر بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اسکول کی فضا علم، جوش اور خوشیوں سے مہک اٹھی۔ پروگرام سے ایک دن قبل ہی تدریسی عملے نے تیاریوں میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ آج صبح سب سے پہلے ایک شاندار تعلیمی ریلی نکالی گئی، جس میں نونہال طلبہ نے حصول تعلیم کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے پورے گاؤں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ پروگرام کی خاص بات اول جماعت میں نئے داخل ہونے والے بچوں کا گلپوشی سے استقبال تھا، جسے دیکھ کر والدین اور بچے دونوں خوشی سے جھوم اٹھے۔ اس موقع پر طلبہ کو اسکول یونیفارم اور درسی کتابیں فراہم کی گئیں۔ صدر مدرس محمد اشفاق نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے اسکول کی سابقہ تعلیمی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا اور بچوں کو محنت اور لگن سے آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ پروگرام کو یادگار بنانے کے لیے اسکول میں سیلفی پوائنٹ قائم کیا گیا، جہاں نئی نسل کے ننھے طالبعلموں نے جوش و خوشی کے ساتھ اپنی یادیں قید کیں۔ درسی کتابوں اور یونیفارم کی تقسیم کا عمل پہلی سے آٹھویں جماعت تک کامیابی سے مکمل ہوا، جبکہ اول جماعت میں داخلے کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ طلبہ کی خوشی کو دوبالا کرنے کے لیے ظہرانے میں خاص میٹھے اور لذیذ چاولوں کا اہتمام کیا گیا تھا، جس سے سبھی نے خوب لطف اٹھایا۔ اس پورے پروگرام کو کامیاب بنانے میں صدر مدرس سمیت تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے نے انتھک محنت کی اور ایک یادگار تعلیمی دن کو جنم دیا۔