کھام گاؤں شہر و تعلقہ کانگریس میں نئی تقرریاں، پارٹی کو مضبوط بنانے نئی قیادت سرگرم مقامی اقلیتوں میں خوشی کی لہر، پارٹی میں نئی جان کا احساس
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 06, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی نے کھام گاؤں شہر اور تعلقہ کی تنظیم کو فعال بنانے کے لیے اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے جاری کردہ خط کے مطابق ، سنیل سنجے ٹھاکرے کو کھام گاؤں شہر بلاک کانگریس صدر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، جب کہ جناب تیجندر سنگھ چوہان کو کھام گاؤں تعلقہ کانگریس صدر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ تقرریاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے ریاستی صدر ہربردھن سپکال کی ہدایت پر عمل میں آئیں، جن کا مقصد مقامی سطح پر پارٹی کو منظم اور متحرک بنانا ہے۔ خط میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ نو منتخب صدور پندرہ دن کے اندر اپنی کمیٹی تشکیل دے کر ضلعی صدر کو رپورٹ پیش کریں۔ دوسری جانب، کھام گاؤں ودھان سبھا کے سابق رکن اسمبلی جناب دلیپ کمار سانندہ نے کانگریس پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے اور وہ 12 جون کو راشٹروادی کانگریس پارٹی (این سی پی اجیت پوار ) میں شمولیت اختیار کرنے جا رہے ہیں۔ ان کی رخصتی کے بعد پارٹی نے نئی قیادت کو ذمہ داری دیتے ہوئے سیاسی حکمتِ عملی کو از سر نو ترتیب دینا شروع کر دیا ہے۔ پارٹی کی کمان نئے اور سرگرم کارکنوں کے ہاتھوں میں جانے سے مقامی اقلیتی طبقات، بالخصوص مسلم برادری میں خوشی اور اطمینان کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں میں یہ امید کی جا رہی ہے کہ نئی قیادت نہ صرف تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرے گی بلکہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر سیاسی میدان میں کانگریس کو ایک نئی سمت فراہم کرے گی۔ بلڈھانہ ضلع کانگریس صدر راہول بوندے نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا ہے کہ وہ پارٹی کے لیے نیا جوش و خروش لے کر آئیں گے اور عوامی مسائل کے حل میں سنجیدگی سے کام کریں گے۔