جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (ایم پی جے) کی ریاست گیر مہم "ہمارے مسائل، ہماری پہل" کے تحت جلگاؤں کے عثمانیہ پارک علاقے کے رہائشیوں پر مشتمل ایک وفد نے شہر کے میونسپل کمشنر گیانیشور دھیرے سے ملاقات کی اور علاقے کے دیرینہ مسائل پر مبنی ایک تحریری محضر ان کے سپرد کی۔
اس وفد کی قیادت ایم پی جے کے مقامی صدر عادل خان نے کی، جبکہ ریاستی سیکریٹری محمود خان، نعیم شیخ، انور شیخ اور دیگر کارکنان ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وفد نے کمشنر کو تفصیل سے علاقے کے اہم مسائل سے آگاہ کیا جن میں خاص طور پر سڑکوں کی کنکریٹ سے تعمیر، نالیوں کی پکی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، امرت جل یوجنا کے تحت پائپ لائن بچھانے کا عمل، نالے پر بڑے پل کی تعمیر، آوارہ کتوں کی روک تھام، علاقے کی باقاعدہ صفائی، روزانہ گھنٹا گاڑی کی آمدورفت، اور بلی رام پیٹھ یا دیوکر نیواس سے عثمانیہ پارک کو جوڑنے والے پل یا انڈر پاس کی تعمیر جیسے اہم مطالبات شامل۔ تھے۔میونسپل کمشنر نے تمام مسائل کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور وفد کو یقین دلایا کہ جلد ہی ان مسائل کے حل کے لیے مثبت اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر اہلِ محلہ کی نمائندگی کرنے والوں میں عمران شیخ، آصف خان، پرویز شیخ، عامر خان کے علاوہ سینئر افراد حاجی لطیف شیخ، حاجی یعقوب خان، محمد زید، سیف رضا، عاقب شیخ، آصف مو، عمار خان، اور ناظم علی بھی شامل تھے، جنہوں نے ایم پی جے کی اس کاوش کو سراہا اور بلدیہ سے جلد عمل درآمد کی امید ظاہر کی۔