رضیہ سلطانہ کی سبکدوشی پر باوقار الوداعی تقریب 33 سالہ تدریسی خدمات کا اعتراف، جذبات سے لبریز مناظر، ساتھی اساتذہ کا خراجِ تحسین
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 14, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) پٹیل ہائی اسکول، ممبرا کی سینئر اور باعزت معلمہ محترمہ رضیہ سلطانہ ہارون خان کے اعزاز میں یکم جولائی کو اسکول کی لائبریری آڈیٹوریم میں ایک شاندار اور جذباتی الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔
محترمہ رضیہ سلطانہ 30 جون 2025 کو 33 برسوں پر محیط تدریسی خدمات کے بعد باعزت طور پر سبکدوش ہوئیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حیدر سر نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض زاہدہ چھوٹانی نے عمدہ انداز میں انجام دیے، جنہوں نے ابتدا سے اختتام تک سامعین کو جوڑے رکھا۔
اس موقع پر اسکول کے پرنسپل عبدالرحمن صاحب نے محترمہ رضیہ سلطانہ کی تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ایک باصلاحیت اور فرض شناس معلمہ تھیں بلکہ طلبہ کی اخلاقی تربیت میں بھی ان کا کردار ناقابلِ فراموش رہا۔
انہوں نے کہا:
> "رضیہ آپا ایک شفیق رہنما، نرم دل انسان، اور خالص استاد تھیں جن سے ہم سب نے بہت کچھ سیکھا۔"
تقریب میں موجود ساتھی اساتذہ نے بھی اپنے جذباتی تاثرات کا اظہار کیا۔ عرفانہ میڈم اور ترنم میڈم نے انہیں “ماں جیسی شخصیت” قرار دیا۔ عرفان سر نے کہا: > "طلبہ کے لیے ان کی شفقت اور رہنمائی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔", سی ای او عثمان شیخانی نے محترمہ رضیہ سلطانہ کی اخلاقی بصیرت اور دینی اقدار سے جڑی تدریسی رہنمائی کو سراہتے ہوئے ان کے بعض یادگار واقعات کا ذکر کیا۔ خاص طور پر اسکول یونیفارم کے تعلق سے ان کی واضح اور بااصول موقف کو قابلِ تقلید قرار دیا۔ اس موقع پر رضیہ سلطانہ کے اہلِ خانہ، بھائی خان نویدالحق انعام الحق، خان احرارالحق انعام الحق، بھابھیاں خان عارفہ نوید اور فرزانہ احرار الحق خان سمیت فاروٗق سیّد، ادریس حسین سُروے جیسے دیگر معزز مہمانان نے بھی شرکت کی اور اس اعزاز کا حصہ بنے۔
اسکول کی جانب سے محترمہ کو ایک شیلڈ، گلدستہ، اعزازی سند اور تحائف پیش کیے گئے۔ سابق و موجودہ اساتذہ نے بھی یادگاری تحائف کے ذریعے ان کی خدمات کو سراہا۔ اپنے الوداعی خطاب میں محترمہ رضیہ سلطانہ نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا: > "یہ اسکول میرے لیے صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں، بلکہ دوسرا گھر رہا ہے۔ یہاں کے ساتھی، طلبہ اور ہر لمحہ میرے دل میں زندہ رہے گا۔ آپ سب کی دعاؤں کی طلبگار ہوں۔" تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا کہ اللہ تعالیٰ محترمہ رضیہ سلطانہ کو صحت، سکون، اور باعزت زندگی عطا فرمائے۔ بعد ازاں شرکاء کی ضیافت کے لیے شاندار طعام کا انتظام کیا گیا۔