اسکالرشپ امتحان میں اردو اسکول کی طالبہ عالیہ پروین کا شاندار مظاہرہ ساور گاؤں کی ہونہار طالبہ نے 78 فیصد نمبرات کے ساتھ تعلقہ میرٹ لسٹ میں جگہ بنائی
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 13, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) پانچویں جماعت کے پری اپر پرائمری اسکالرشپ امتحان 2025 میں ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول ساور گاؤں کی طالبہ عالیہ پروین شیخ ذاکر نے 78 فیصد نمبرات حاصل کر کے تعلقہ جلگاؤں جامود کی میرٹ لسٹ میں اپنی جگہ بنا لی ہے، جو کہ اردو میڈیم اسکولوں کے لیے باعثِ فخر کامیابی ہے۔ اس شاندار کامیابی پر عالیہ پروین کو دلی مبارکباد پیش کی جا رہی ہے اور تعلیمی و سماجی حلقوں سے ان کے تابناک مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ عالیہ کی کامیابی نہ صرف اس کی ذاتی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ اس کے پیچھے ایک مخلص معلم کی انتھک محنت بھی کارفرما ہے۔ واضح رہے کہ ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول ساور گاؤں میں الحاج افتخار احمد (کھام گاؤں والے) بطور واحد معلم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسکول کی تمام جماعتوں کی تدریس سے لے کر دفتری امور تک کی تمام تر ذمہ داریاں وہ اکیلے سنبھالتے ہیں۔ اس کے باوجود انہوں نے نہایت خلوص، محنت اور جذبے سے طلبہ کو اسکالرشپ امتحان کی تیاری کرائی، جس کا نتیجہ آج عالیہ پروین کی کامیابی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ افتخار سر کی اس تعلیمی خدمات اور قربانی کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ تعلیم کے میدان میں ان کی یہ کاوش نہ صرف انفرادی استقامت کی مثال ہے بلکہ اردو تعلیم کے فروغ میں ایک روشن چراغ بھی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ عالیہ پروین کو دونوں جہانوں کی کامیابی و کامرانی نصیب فرمائے اور افتخار سر جیسے اساتذہ کی محنت کو سلامت رکھے۔ آمین۔