ہرشوردھن سپکال نے کی متاثرہ روہن پیتھنکر سے ملاقات
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 29, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) انسانیت کو شرمسار کرنے والی کھام گاؤں شہر کے افسوسناک واقعے میں شدید زخمی ہونے والے نوجوان روہن پیتھنکر سے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرشوردھن سپکال نے اکولہ کے اسپتال میں جا کر ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے روہن کی والدہ سے بھی تفصیلی گفتگو کی اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ ہرشور دھن سپکال نے اس افسوسناک واقعے کو نہ صرف انسانیت بلکہ آئین پر بھی حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر کسی نوجوان کے ساتھ ایسا ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ریاست میں قانون و انصاف کی کمزوری کا ثبوت ہے۔ متاثرہ نوجوان روہن پیتھنکر پر تشدد اور اس کے مذہب کی تصدیق کے لیے کیے گئے غیر انسانی سلوک نے مہاراشٹر بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ مختلف تنظیموں اور دلت رہنماؤں نے اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔ سپکال کے ساتھ اکولہ ضلع کانگریس کے کئی مقامی کانگریسی لیڈران اور کارکنان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہرشوردھن سپکال نے کہا کہ دلت سماج پر بڑھتے مظالم ناقابل قبول ہیں اور کانگریس ہر ظلم کے خلاف کھڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اب دلتوں کے خلاف ہونے والے حملوں پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی بلکہ عوامی تحریک کے ذریعے سخت جواب دیا جائے گا۔ آخر میں سپکال نے کہا کہ متاثرہ روہن کا علاج جاری ہے اور وہ صحتیاب ہو رہا ہے، لیکن اس واقعے کی جڑ تک پہنچنا اور مجرموں کو سزا دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے، جسے نبھانے میں وہ مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔