کھام گاؤں (واثق نوید) ریاست گیر "ایک پیڑ ماں کے نام 2.0" مہم کے تحت ضلع پریشد اردو مڈل اسکول گوندھناپور میں آج جوش و خروش کے ساتھ شجرکاری کی گئی۔
اس موقع پر طلباء نے اپنی والدہ کے ساتھ اسکول اور اس کے اطراف میں پودے لگا کر ماحول دوستی اور خاندانی وابستگی کا خوبصورت اظہار کیا۔
اس خصوصی پروگرام میں کیندر پرمکھ ڈاکٹر نرملا جادھو میڈم بطور مہمانِ خصوصی موجود تھیں۔ گوندھناپور کیندر کا چارج سنبھالنے کے بعد ان کا یہ پہلا دورۂ اسکول تھا، جس پر اسکول اسٹاف کی جانب سے شال اور گلدستہ پیش کر کے پرجوش استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مدرس واثق اللہ خان، اور اساتذہ عبدالرحیم خان، محمد صادق سر، محمد حنیف سر، برہان شاہ سر اور محمد اعجاز سر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر جادھو میڈم نے اسکول میں ہونے والی شجرکاری کا جائزہ لیا، طلباء کی شرکت کو سراہا اور مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس مہم کے تحت اب تک 54 طلباء نے پودے لگا کر ان کی تصاویر محکمہ تعلیم کی جانب سے فراہم کردہ "ایکو کلب پورٹل" پر کامیابی سے اپلوڈ کر دی ہیں۔
اس موقع پر اسکول اسٹاف نے پُرعزم ہو کر اعلان کیا کہ جلد ہی ہر طالب علم اپنی والدہ کے ساتھ شجرکاری کرے گا اور مجموعی طور پر 186 درخت لگائے جائیں گے۔
یہ مہم نہ صرف ماحول سے محبت کا عملی پیغام ہے بلکہ طلباء میں سماجی شعور، فطرت دوستی اور والدین کے ساتھ جذباتی وابستگی کو بھی فروغ دیتی ہے۔