آکولہ ، کچھی مسجد کا ڈیجیٹل انقلاب اذان اب موبائل ایپ کے ذریعے
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 06, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) اکولہ شہر کی 135 سال پرانی تاریخی کچھی مسجد نے جدید ٹیکنالوجی کو مذہبی خدمت سے جوڑتے ہوئے "کچھی مسجد اذان ایپ" کا آغاز کیا ہے، جو ایمان، ماحول اور ٹیکنالوجی کے امتزاج کی ایک انوکھی مثال ہے۔ اب دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود شخص کو مسجد سے براہِ راست اذان سننے کی سہولت دستیاب ہے، جس سے نماز کی بروقت ادائیگی ممکن ہو سکے گی۔
سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق مذہبی مقامات پر آواز کی حد بندی کے پیش نظر، کچھی مسجد ٹرسٹ نے ماحولیاتی اور سماجی ہم آہنگی کو مدنظر رکھتے ہوئے لاوڈ اسپیکر کے استعمال کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن اس کے ساتھ ہی، ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال سے مؤمنین تک اذان کی آواز پہنچانے کا اہتمام کیا گیا۔ یہی سوچ لے کر اس ایپ کو تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ ایپ پانچ وقت کی اذان کو براہِ راست نشر کرنے کے ساتھ ساتھ قبلہ رخ کی تعیین، رمضان و دیگر مذہبی مواقع کی اطلاعات، اور مسجد سے فوری رابطے جیسی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ اس کا انٹرفیس سادہ اور جدید ہے، جو ہر عمر کے صارف کے لیے موزوں ہے۔ کچھی مسجد وہ پہلی مسجد ہے جس نے قبل ازیں اپنی چھت پر سولر انرجی سسٹم نصب کرکے توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی مثال قائم کی تھی۔ اب اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے اس موبائل ایپ کا اجرا کیا گیا ہے، جو سماجی و ماحولیاتی ہم آہنگی کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ ایپ کا باضابطہ افتتاح ایک خصوصی تقریب میں عمل میں آیا جس میں Huda’s Technologies, Pune کے ڈائریکٹر ساد اللہ اور سینئر پروجیکٹ مینیجر بشیر قاضی نے ایپ کی تکنیکی تفصیلات پیش کیں۔ یہ کمپنی گزشتہ 14 برسوں سے موبائل ایپلیکیشنز اور سافٹ ویئر کے میدان میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ تقریب میں معزز رکن اسمبلی ساجد خان پٹھان، کچھی مسجد ٹرسٹ کے صدر جاوید زکریا، متولی اعجاز سوریہ، نائب متولی حاجی یاسین بچاو، ٹرسٹ اراکین، قانونی مشیر ایڈوکیٹ محمد پرویز ڈاکڑیا، کچھی میمن جماعت کے سیکریٹری سلیم غازی، واحد موسانی، حاجی یاسین کپادیا، حاجی مدام بھائی، اور دیگر معزز افراد جیسے تنویر احمد خان، شہباز خان، عرفان قسمانی، آفاق سوریہ، اور طیب گوٹے والا شریک ہوئے۔ اس موقع پر صدرِ ٹرسٹ جاوید زکریا نے کہا کہ یہ ایپ محض ایک تکنیکی سہولت نہیں، بلکہ مذہبی وابستگی، ماحولیاتی شعور اور سماجی ہم آہنگی کی طرف ایک سنجیدہ اور بامقصد قدم ہے، جو ملک بھر کی مساجد کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بن سکتی ہے۔ "کچھی مسجد اذان ایپ" اب گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے، جہاں سے اسے ڈاؤن لوڈ کرکے ہر اذان کے ساتھ روحانی تعلق کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔