پوسد ، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا ضلع ایوت محل کا تاریخی اجلاس اختتام پذیر عنایت اللہ خان ضلع صدر ، ذاکر حسین معتمد، شہزاد انعامدار علاقائی نائب صدر منتخب
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 30, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)بتاریخ 28 جون 2025 بروز ہفتہ، پوسد کے زکی فنکشن ہال میں مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا، ضلع ایوت محل کا ایک عظیم الشان، بامقصد اور یادگار اجلاس نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔
اس اجلاس کا مقصد ضلع کی نئی قیادت کا انتخاب، تنظیمی سرگرمیوں کو فروغ دینا، اردو زبان و تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کی فلاح و بہبود سے جڑے مسائل پر تبادلۂ خیال تھا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سرگرم، فعال اور تعلیم دوست شخصیت جناب عنایت اللہ خان کو ضلع ایوت محل کا نیا ضلعی صدر منتخب کیا گیا،
جب کہ تنظیمی امور میں مسلسل متحرک رہنے والے جناب ذاکر حسین کو ضلع معتمد کے اہم منصب پر فائز کیا گیا۔ اسی اجلاس میں سابق ضلعی صدر جناب شہزاد انعامدار کی تعلیمی و تنظیمی خدمات کا بھرپور اعتراف کرتے ہوئے انہیں امراوتی ڈیویژن کے نائب صدر کی حیثیت سے منتخب کیا گیا۔
تقریب میں سبکدوش اساتذہ، معزز مہمانان اور معلمین کا گلپوشی اور شال پوشی کے ذریعہ والہانہ استقبال کیا گیا، جس سے پورا ماحول محبت، عقیدت اور احترام سے معطر ہو گیا۔اسٹیج کی رونق ریاست کی مقتدر علمی و تنظیمی شخصیات کی موجودگی سے دوبالا ہو گئی، جن میں قابلِ ذکر نام یہ ہیں:
ریاستی صدر جناب ایم اے غفار صاحب، ریاستی ترجمان سید جواد حسین، امراوتی ڈیویژن کے صدر جناب حیات خان، ضلع ناندیڑ کے صدر عبدالرؤف صاحب، کارگزار صدر ضلع ایوت محل جناب محمد رفیق، اردو جونیئر پینشن سنگھٹنا ضلع ایوت محل کے صدر ندیم پٹیل صاحب موجود تھے۔ اس اجلاس میں اردو اساتذہ برادری سے جُڑے نئے چہروں نے بھی تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔ جناب مقصود احمد نے تنظیم کی مخلصانہ قیادت سے متاثر ہوکر باقاعدہ شمولیت اختیار کی، اور انہیں ضلع نائب معتمد مقرر کیا گیا۔ پروگرام کی شاندار نظامت جناب افروز خان نے نہایت خوش اسلوبی اور وقار کے ساتھ انجام دی، جبکہ رسمِ شکریہ تعلقہ پوسد کے صدر جناب عتیق سر نے پرخلوص انداز میں ادا کی۔ اور تمام مہمانان، اساتذہ، شرکاء و منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس کے بعد مہمانوں اور شرکاء کی تواضع کے لیے اعلیٰ معیار کا پرتکلف اور لذیذ طعام پیش کیا گیا، جس کی سبھی نے بھرپور ستائش کی۔ اس ضمن میں تعلقہ پوسد کے صدر عتیق سر اور تعلقہ مہاگاؤں کے صدر داؤد سر اپنی مکمل ٹیم کے ہمراہ مہمان نوازی میں نمایاں طور پر پیش پیش رہے، جن کی خدمات کو شرکاء نے بھرپور سراہا اور مثالی قرار دیا۔ یہ اجلاس اردو زبان، تعلیم اور اساتذہ برادری کی ترقی کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوا، جس میں ایوت محل ضلع بھر سے اردو اساتذہ کی بڑی تعداد میں شرکت نے اتحاد، یکجہتی اور عزم نو کا مظاہرہ کیا۔