وقف ترمیمی بل اور انڈیا مسلم پرسنل بورڈ کی تحریک پورے ملک میں سرگرم ایوت محل ضلع میں دو بڑے احتجاجی اجلاس کا کامیاب انعقاد
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 01, 2025
0
share
ملکاپور:( محمد احسان سر ) موصولہ اطلاع کے مطابق ایوت محل (مہاراشٹرا) کے حوالے سے وقف ترمیمی ایکٹ 2025 کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے جاری ملک گیر احتجاجی و بیداری مہم کے تحت ایوت محل ضلع میں دو بڑے احتجاجی اجلاسوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ 14و 15 جون کو بالترتیب ایوت محل شہر و عمرکھیڑ تحصیل میں جلسے منعقد ہوئے، جس میں اطراف کی تحصیلوں سے بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ یہ تحریک ماہِ رمضان میں دہلی کے جنتر منتر سے شروع ہوئی، جہاں بورڈ کی قیادت نے روزے کی حالت میں تاریخی مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کو بیدار کرنے کی بنیاد رکھی۔ اس کے بعد عید کے موقع پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پرامن احتجاج، اور لاکھوں افراد کی شرکت سے "بتی گل" احتجاج کی شکل میں تحریک کو ملک گیر سطح پر وسعت ملی۔ ایوت محل میں منعقدہ اجلاسوں میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی، ارکان بورڈ مولانا رفیق الدین اشرفی (پربھنی)، الیاس خان فلاحی (اورنگ آباد)،اور ضیاء الدین صدیقی (امیر وحدت اسلامی) سمیت کئی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی اور عوام کو وقف کی اہمیت، ترمیمی بل کے خطرات اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے بیدار کیا۔ اس موقع پر بورڈ کی جانب سے علاقہ ودربھا کے (امراوتی، اکولہ، بلڈانہ، واشم، ایوت محل) لیے کمیٹیوں کا اعلان بھی کیا گیا جس میں مفتی فیروز قاسمی کنوینر، علاقہ برار (ودربھا)، مفتی انعام اللہ خان کنوینر، ایوت محل ضلع ،اور مولانا شارق و محمد یاسین ملک معاون کنوینر مقرر کیے گئے . مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تحفظ اوقاف کی اس جدوجہد میں بورڈ کی رہنمائی اور نامزد ذمہ داران کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ یہ تحریک مزید منظم، مؤثر اور نتیجہ خیز ثابت ہو۔