ریاستی سیپک ٹکرا چمپئن شپ میں جَلگاؤں کا شاندار مظاہرہ، ایک سونے اور ایک کانسے کے تمغے کے ساتھ ضلع کا نام روشن
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 03, 2025
0
share
(واثق نوید)ناشک کے پنچوٹی علاقے میں واقع ڈویژنل اسپورٹس کمپلیکس میں ۲۷ تا ۳۰ جون کے درمیان مہاراشٹر ریاست کی ۳۵ویں سینئر سطحی سیپک ٹکرا چمپئن شپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ مقابلے ناشک ضلع سیپک ٹکرا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور مہاراشٹر ریاست سیپک ٹکرا ایسوسی ایشن کی منظوری سے منعقد ہوئے، جن میں ریاست کے مختلف اضلاع کی بہترین ٹیموں نے حصہ لیا۔
اس مقابلے میں جَلگاؤں ضلع کی ٹیم نے شرکت کرتے ہوئے نہایت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈبل ایونٹ میں سونے کا تمغہ اور ٹیم ایونٹ میں کانسے کا تمغہ حاصل کرکے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ ضلع کا نام ریاست بھر میں فخر سے بلند کر دیا۔ جَلگاؤں کی جانب سے شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں شیخ فیضان (کپتان)، ابوزر باغبان، تنویر شاہ، فیضان رئیس، عمر باغبان، حماد باغبان، سید اویس، شیخ ریحان، محمد عدنان، سید شکیب ریحان خان، امجد مولانی، سچن پاٹل، امول اور راہول شامل تھے، جنہوں نے بھرپور ٹیم ورک اور تکنیکی مہارت کے ساتھ میدان میں شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ ٹیم کی رہنمائی کوچ آصف مرزا اور معاون کوچ ساگر سونوانے نے کی، جب کہ ٹیم مینیجر کے طور پر عمران شیخ نے انتظامی ذمے داریاں بخوبی نبھائیں۔ کھلاڑیوں کی اس کامیابی پر ریاستی و ضلعی سطح پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مہاراشٹر سیپک ٹکرا ایسوسی ایشن کے صدر ویپین بھائی کامدار، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر یوگندر، امریتا پانڈے، وِردھا ضلع کے ڈاکٹر ونئے مُن، جَلگاؤں ضلع کے اسپورٹس آفیسر رویندر نائک، ضلع ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز ملک، پروفیسر چندرکانت سونوانے، ڈاکٹر پردیپ تلولکر، سیکریٹری اقبال مرزا، پراشانت جگتاپ، پروفیسر وسیم مرزا، شہباز شیخ اور عامر خان سمیت کئی معزز شخصیات نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یہ کامیابی نہ صرف جَلگاؤں ضلع کے لیے فخر کا لمحہ ہے بلکہ کھیل کے میدان میں نوجوانوں کی سنجیدگی، محنت اور مستقل مزاجی کا عملی ثبوت بھی ہے۔ ضلع کے کھلاڑیوں نے ثابت کیا ہے کہ دیانتدارانہ جدوجہد، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے ذریعے کسی بھی میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔