دارالعلم انگلش اسکول میں "ہفتہ مراٹھی زبان" منایا گیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 09, 2025
0
share
مالیگاؤں : شہر کا معروف و معیاری تعلیمی ادارہ دارالعلم انگلش میڈیم اسکول (درے گاؤں کیمپس) میں مورخہ 29 جولائی تا 4 اگست 2025 "बोला मराठी, व्हा मराठी" (بولیے مراٹھی، بنیے مراٹھی) کے بامعنی اور پُراثر عنوان کے ساتھ "مراٹھی لینگویج ویک (मराठी भाषा सप्ताह)" کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔ اس ہفتے کا مقصد طلبہ کو ریاست مہاراشٹر کی سرکاری زبان مراٹھی سے جوڑنا، اس کے تئیں محبت پیدا کرنا اور اسے صحیح تلفظ، درست املا اور سلیقے سے بولنے کی ترغیب دینا تھا۔
یہ پروگرام اسکول کے چیئرمین حذیفہ ہدائی سر کی خصوصی ہدایت، دلچسپی اور رہنمائی میں ترتیب دیا گیا، جن کا ہمیشہ یہی نظریہ رہا ہے کہ انگلش میڈیم طلبہ کو بھی اپنی ریاستی، قومی اور مادری زبانوں کی قدر و قیمت کا شعور دیا جائے۔ اس ہفتے کے دوران مراٹھی زبان کی اکشرمالا (حروفِ تہجی)، درست املا، سادہ جملے، کہانیاں، نظمیں، لوک گیت، اور ڈرامائی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو زبان سیکھنے کا سنہری موقع فراہم کیا گیا۔ طلبہ نے نہ صرف سرگرمیوں میں جوش و شوق سے حصہ لیا بلکہ مراٹھی زبان کی مٹھاس اور ثقافتی حسن کو بھی محسوس کیا۔ ہفتے کے اختتام پر طلبہ کا ایک ٹیسٹ لیا گیا اور نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ کی ستائش کی گئی۔ اس ہفتے کے کامیاب انعقاد کے لئے اسکول کی پرنسپل افراح ناز میم کی نگرانی میں مراٹھی ویک کوآرڈینیٹرز شعیرہ میم، اسفرہ میم اور جملہ اسٹاف نے بھرپور محنت اور تعاون پیش کیا۔ طلبہ کے تاثرات: "ہم نے مراٹھی نظم، کہانیاں اور نئے الفاظ سیکھے۔ یہ سرگرمیاں بہت دلچسپ تھیں۔ اس مراٹھی ویک نے ریاستی زبان سے محبت کو بڑھا دیا ہے۔" — شیزیٰ تحسین (جماعت چہارم) "روزانہ کی سرگرمیوں نے مراٹھی کو بورنگ مضمون سے ایک دلچسپ زبان میں بدل دیا۔" — انابیہ (جماعت پنجم) منجانب: ڈپارٹمنٹ آف میڈیا، دارالعلم انگلش میڈیم اسکول، درے گاؤں کیمپس۔