کھام گاؤں میں نگر پریشد انتخابات کی گہما گہمی عروج پر آزاد امیدواروں انیس جمعدار اور شہرت خان کے نام زیرِ بحث، سیاسی جماعتوں میں امیدواروں کی تلاش جاری
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 11, 2025
0
share
کھام گاؤں (نمائندہ) بالآخر کھام گاؤں نگر پریشد کے عام انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی شہر کا سیاسی درجہ حرارت تیزی سے بڑھنے لگا ہے۔ سردیوں کے موسم میں بھی انتخابی ماحول خاصا گرم ہوچکا ہے۔ ریاستی سطح پر اتحاد میں شریک رہنے والی پارٹیاں اس بار مقامی سطح پر ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہونے کی تیاری کر رہی ہیں۔ شہر کی مختلف سیاسی جماعتیں اپنے اپنے حلقوں کے لیے موزوں امیدواروں کی تلاش میں سرگرم ہیں۔ جائزے، مشاورتی نشستیں اور میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم، ان پارٹی سرگرمیوں کے بیچ شہر میں دو آزاد امیدواروں کے نام نمایاں طور پر زیرِ بحث ہیں — پربھاگ نمبر 12 سے انیس جمعدار اور پربھاگ نمبر 2 سے الحاج شہرت خان۔ دونوں امیدواروں نے اپنے سماجی کاموں کے ذریعے شہر میں ایک منفرد پہچان بنائی ہے۔ عوامی مسائل کے حل میں ہمیشہ پیش پیش رہنے کے باعث یہ دونوں چہروں کو عوام کی بھرپور تائید حاصل ہو رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق رکن بلدیہ الحاج محمد ادریس جمعدار کی رہنمائی میں انیس جمعدار اور شہرت خان نے کئی سماجی خدمت گاروں کے ساتھ مل کر شہر میں ترقیاتی کاموں کی طویل فہرست مکمل کی ہے۔ انیس جمعدار نے اپنے دورِ بلدیہ میں شوکت کالونی میں پانی، روڈ، نالیوں اور پیور بلاک کی تعمیر کے علاوہ مستان چوک پر ایک کروڑ روپے کی لاگت سے پل تعمیر کرایا، گولی پورہ میں جماعت خانہ ، جو آج بھی عوام کو یاد ہے۔ دوسری جانب الحاج شہرت خان نے بغیر کسی عہدے کے ڈوباربیس، بوری پورہ اور محبوب نگر جیسے پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔ انتخابی منظرنامے میں یہ دونوں شخصیات اپنے اپنے پربھاگ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ انہیں نہ صرف اپنے وارڈ بلکہ پورے شہر سے حمایت اور نیک تمناؤں کا اظہار حاصل ہو رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر آزاد امیدواروں کو عوامی تائید اسی طرح حاصل رہی تو کھام گاؤں کے اس بار کے نگر پریشد انتخابات دلچسپ رخ اختیار کر سکتے ہیں۔