مالیگاؤں کے نعمان نبیل نے پنجاب یونیورسٹی سے فزکس میں پی ایچ ڈی مکمل کر کے شہر کا نام روشن کیا ایڈوانس انرجی اسٹوریج مٹیریلز پر تحقیق کو عالمی سطح پر پذیرائی، والدِ مرحوم کے نام خراج عقیدت
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 30, 2025
0
share
مالیگاؤں (ایس این انصاری) مالیگاؤں کے ہونہار اور باصلاحیت طالب علم نعمان نبیل محمد ہارون نے ہندوستان کی ممتاز پنجاب یونیورسٹی سے شعبہ فزکس میں پی ایچ ڈی مکمل کرکے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے مالیگاؤں کا نام ملک بھر میں روشن کر دیا ہے۔ نعمان نبیل، جے اے ٹی سینیئر کالج کے سابق پرنسپل ڈاکٹر محمد ہارون (مرحوم) کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے اپنا علمی سفر مالیگاؤں کے ایم ایس جی کالج سے فزکس میں گریجویشن سے شروع کیا۔ اس کے بعد پونے کے معروف واڈیا کالج سے فزکس میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی۔ قومی سطح کے مسابقتی امتحان میں شاندار کامیابی کے بعد انہیں پنجاب یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے لیے منتخب کیا گیا۔ نعمان نبیل نے اپنی ڈاکٹریٹ کا تحقیقی کام "ایڈوانس انرجی اسٹوریج مٹیریلز" کے موضوع پر مکمل کیا۔ ان کی اس تحقیق کے متعدد مقالات بین الاقوامی جرائد میں شائع ہوئے اور مختلف عالمی کانفرنسوں میں پیش کیے گئے۔ اس تحقیق کی رہنمائی ڈاکٹر الوک جین نے کی، جبکہ کیلاش جوگلان معاون سپروائزر رہے۔ موصوف نے ڈاکٹر ساجد نعیم (منصورہ انجینئرنگ کالج) کے زیر رہنمائی کئی تحقیقی مقالے مکمل کئے اور انٹرنیشنل جرنلس میں شائع بھی ہوئے۔ پی ایچ ڈی کی تکمیل کے موقع پر نعمان نبیل نے اپنے والد مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: "یہ ڈگری اس چراغ کے نام ہے جو میری ہر کامیابی کا خاموش سایہ بن کر ساتھ رہا۔ وہ چراغ بجھ تو گیا، مگر اس کی جلائی ہوئی روشنی نے مجھے آگے بڑھنے کا ہنر سکھایا۔" نعمان نبیل کی شاندار کامیابی پر ایم ایس جی کالج کا اسٹاف، مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ، مالیگاؤں کلب، کریئر گائیڈنس سیل، مالیگاؤں اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن سمیت متعدد تعلیمی و سماجی تنظیموں نے دلی مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔