اورنگ آباد ، سید امجد الدین قادری نے تحقیق کی دنیا میں نئی منزل سر کرلی , پی ایچ ڈی کی ڈگری کا اعلان
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 13, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی، اورنگ آباد نے برادرم سید امجد الدین قادری کے پیش کردہ تحقیقی مقالے کو باضابطہ منظوری دیتے ہوئے انہیں ڈاکٹریٹ (Ph.D.) کی ڈگری سے سرفراز کیا ہے۔
یہ اہم علمی کامیابی نہ صرف ان کی برسوں کی محنت کا ثمر ہے بلکہ علمی حلقوں میں اسے بے حد قدر و عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ سید امجد الدین قادری کو اہلِ علم و ادب میں خاص مقام حاصل ہے۔ وہ تعلیم کو محض پیشہ نہیں بلکہ عبادت اور مشن سمجھتے ہیں۔ مطالعے کا شوق، علمی مجالس میں سرگرم شرکت، تحقیق کی مسلسل جستجو اور قلم و قرطاس سے خلوص پر مبنی رشتہ ان کی شخصیت کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ ان کے تحقیقی مقالے کو معزز ممتحنین نے موضوع کے معیار، دلائل کی پختگی، اسلوب کی شستگی اور علمی دیانت کے باعث پی ایچ ڈی کے شایانِ شان قرار دیا۔ ان کی تحقیق نئے زاویوں، عصری تقاضوں اور تازہ علمی مباحث سے ہم آہنگ بتائی جارہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس کامیابی کے پس منظر میں کئی برسوں کی مسلسل محنت، جاگتی راتیں، بھرپور مطالعہ، اساتذہ کی رہنمائی، اہلِ خانہ کی قربانیاں اور دعاؤں کی برکت شامل ہے۔ ان کے رفقا اور شاگردوں کا کہنا ہے کہ امجد الدین قادری کی شخصیت میں علم کی گہرائی بھی ہے اور نئی منزلوں کی تلاش کا تجسس بھی، جو انہیں ہمیشہ آگے بڑھنے پر آمادہ رکھتا ہے۔ ادبی ذوق اور شستہ اسلوب نے ان کی علمی شناخت کو مزید نکھارا ہے۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ذاتی فخر کا باعث ہے بلکہ پوری برادری کے لیے باعثِ مسرت اور نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دی جا رہی ہے۔ علمی حلقوں نے سید امجد الدین قادری کو اس نمایاں کامیابی پر دلی مبارک باد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کا علمی سفر آئندہ بھی اسی طرح تحقیق و تدبر کی نئی راہیں روشن کرتا رہے گا۔ اللہ تعالیٰ ان کے علم و عمل میں مزید برکت عطا فرمائے۔(آمین)