کھام گاؤں ، جماعت اسلامی کی جانب سے ’’امید پورٹل‘‘ پر تقریباً 80 وقف املاک کی مفت رجسٹریشن مکمل
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 09, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) وقف بل، امید پورٹل اور وقف املاک کے تحفظ سے متعلق باشعور ماحول بنانے کے بعد جماعت اسلامی ہند کھام گاؤں نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پورے ضلع سے آنے والے متولیان کی ’’امید پورٹل‘‘ پر مفت رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی، جس کے تحت اب تک تقریباً 80 رجسٹریشن مکمل کیے جا چکے ہیں۔ یہ کام مسلسل کئی دنوں تک مرحلہ وار جاری رہا، جس میں ایس آئی او کے طلبہ ممبران نے بھرپور تعاون پیش کیا۔ وقف بل کی باریکیوں اور املاک کے باضابطہ اندراج سے متعلق آگاہی کے لیے جماعت اسلامی ہند کھام گاؤں کی جانب سے 5 نومبر 2025 کو ایک مفصل ورکشاپ منعقد کی گئی تھی، جس میں سابق سی ای او عبدالرؤف صاحب سمیت ضلع کے ذمہ داران نے رہنمائی فراہم کی۔ ورکشاپ کے بعد جماعت نے خود اس بات کی ذمہ داری لی کہ ضلع بھر کے متولیان کو بغیر کسی فیس کے امید پورٹل پر رجسٹر کیا جائے۔ رجسٹریشن کا یہ عمل جماعت اسلامی کے دفتر میں انجام دیا گیا، جہاں کامران عزیر، وجاہت خان اور منہاج نے مسلسل محنت کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ اس پورے سلسلے میں کامران عزیر کا کردار نمایاں رہا، جنہوں نے کئی مرتبہ رات دو بجے تک بیٹھ کر اندراجات مکمل کیے۔ ان خدمات کے اعتراف میں 7 دسمبر 2025 بروز اتوار بعد نماز مغرب ضیاء کالونی میں ایک مختصر مگر پرتپاک پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جہاں امیر مقامی جماعت اسلامی کھام گاؤں محترم ظفر عبید انصاری صاحب نے کامران عزیر کو مومنٹو اور شال پیش کرکے ان کی خدمات کا اعتراف کیا، جبکہ وجاہت خان اور منہاج کو بھی شال و بکے دے کر حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب میں ضلع پریشد بلڈھانہ کا مثالی معلم ایوارڈ حاصل کرنے پر محترم جلیل ارشد سر کا بھی شال و بکے کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر جماعت کے ارکان، کارکنان اور مقامی برادری سے وابستہ بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔