اٹالی ، ضلع پریشد اردو اسکول میں جوش و خروش سے منایا گیا عالمی اقلیتی حقوق دن
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 18, 2025
0
share
کھام گاؤں (نمائندہ) ضلع پریشد اردو اپر پرائمری اسکول اٹالی میں عالمی اقلیتی حقوق دن کی مناسبت سے ایک معلوماتی اور بامقصد تعلیمی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مدرس واثق اللہ خان کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک رہی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جلسہ واثق اللہ خان اور دیگر اساتذہ نے عالمی اقلیتی حقوق دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو اقلیت کی تعریف، ان کی اقسام، بنیادی حقوق اور ہندوستانی آئین میں اقلیتوں کو دیے گئے تحفظات و دفعات سے تفصیلی طور پر واقف کرایا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ آئینی شعور اور باہمی رواداری ہی ایک مضبوط اور ہم آہنگ معاشرے کی بنیاد ہے۔
طلبہ میں تحریری صلاحیتوں کے فروغ اور اظہارِ خیال کو موقع فراہم کرنے کے مقصد سے بعد ازاں مڈل کلاس کے طلبہ کے لیے مضمون نگاری کا مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ نے عالمی اقلیتی حقوق کے موضوع پر اپنے خیالات مدلل انداز میں پیش کیے۔ اس تعلیمی و بیداری پروگرام کی کامیابی میں جلیل ارشد خان، ساقب سر، ندیم سر، متین سر اور نرگس باجی کی انتھک محنت قابلِ ستائش رہی۔ پروگرام کے اختتام پر صدر مدرس واثق اللہ خان نے تمام اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ میں آئینی بیداری، ذمہ داری اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ بعد ازاں طلبہ کو اقلیتی حقوق کے تحفظ، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کے فروغ کا اجتماعی عہد دلایا گیا، جس کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔